شاہ نے این اے سی پی میں ساحلی سیکورٹی کے بارے میں معلومات لی
اوکھا، مئی۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو گجرات کے اوکھا میں نیشنل اکیڈمی آف کوسٹل پولیسنگ (این اے سی پی) کا دورہ کیا اور سینئر افسران نے انہیں سمندری پولیس فورسز کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے این اے سی پی کی کوششوں کے بارے میں معلومات دی۔ بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ڈائریکٹر جنرل پنکج کمار سنگھ اور انسپکٹر جنرل آف پولیس جی ایس ملک نے مسٹر شاہ کا یہاں پہنچنے پرتپاک استقبال کیا۔ 26/11 کے ممبئی حملوں کے تناظر میں ہندوستان کی ساحلی ریاستوں کی بحری افواج کے ردعمل اور مہارت کو تیزی سے بڑھانے کے لیے این اے سی پی تشکیل دی گئی تھی۔ بی ایس ایف نے کہا کہ مسٹر شاہ کو ساحلی سلامتی میں ابھرتے ہوئے چیلنجوں اور ساحلی ریاستوں کی متوقع ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاط سے تیار کیے گئے تربیتی پروگرام کے ذریعے سمندری پولیس فورسز کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے این اے سی پی کی کوششوں کے بارے میں بتایا گیا۔ مسٹر شاہ نے ٹویٹ کیاکہ گجرات کے اوکھا میں نیشنل کوسٹل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا اور سی اے پی ایف اور کوسٹل پولیس کو دی جانے والی تربیت کے بارے میں تفصیلی معلومات لی۔ساحلی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ایک ماہر اور جدید پولیس فورس بنانے کے لئے 2018 میں این اے سی پی کا قیام وزیراعظم نریندر مودی جی کی دوراندیشانہ سوچ کا نتیجہ ہے۔ وزیر داخلہ نے برعکس موسم اور جغرافیائی چیلنجوں والے اس علاقہ میں انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے اور کوسٹل پولیس کے اہلکاروں کو ضروری تربیت فراہم کرنے کے لئے بی ایس ایف گجرات فرنٹیئر اور این اے سی پی کی کوششوں کی تعریف کی۔ بی ایس ایف نے کہا کہ اس نے اس اکیڈمی کا بنیادی ڈھانچہ تیار کیا ہے اور میرین پولیس فاؤنڈیشن کورس کا کامیابی سے انعقاد کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اب تک سات کورسز کے ذریعے ساحلی ریاستوں گجرات، مہاراشٹر، گوا، کرناٹک، کیرالہ، تمل ناڈو، آندھرا پردیش، اوڈیشہ، مغربی بنگال، دمن اور دیو، لکشدیپ، انڈمان اور نکوبار، پڈوچیری، گجرات کسٹمز، بی ایس ایف اور سی آئی ایس ایف کے کل ملاکر 427 پولیس اہلکاروں کو تربیت دی جاچکی ہے۔گجرات کے اپنے دورے کے دوران وزیر داخلہ نے دوارکا میں دوارکادھیش مندر میں پوجا بھی کی اور وہ وزیر اعظم کے ساتھ شامل ہوں گے۔