سی بی آئی نے ویزا گھپلہ میں کارتی چدمبرم سے پوچھ گچھ کی
نئی دہلی، مئی۔کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کارتی پی چدمبرم سے چینی شہریوں کو مبینہ طور پر ویزا جاری کرنے کے معاملے میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ آج یہاں یہ معلومات دیتے ہوئے ایجنسی کے ذرائع نے بتایا کہ چدمبرم کو سی بی آئی ہیڈکوارٹر میں پیش ہونے کے لیے بلایا گیا تھا جو صبح 8 بجے یہاں پہنچے۔ ملک کی اعلیٰ تحقیقاتی ایجنسی نے چینی شہریوں کو ویزہ جاری کرنے کے لیے 50 لاکھ روپے کی رشوت لینے کے الزام میں گزشتہ ہفتے چدمبرم، ممبئی، مانسا (پنجاب) اور نجی کمپنیوں سمیت کچھ سرکاری ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ یہ الزام لگایا گیا تھا کہ چدمبرم نے پیسے لے کر چینی شہریوں کو ویزا حاصل کرنے میں مدد کی۔ معاملہ کے اندراج کے بعد سی بی آئی نے چدمبرم سے جڑے مختلف مقامات اور ان کے والد اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کی رہائش گاہ پر چھاپے مارے۔ ایجنسی نے چدمبرم کے قریبی ساتھی ایس بھاسکرامن کو گرفتار کر لیا۔ دریں اثنا جونیئر چدمبرم نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ میرے خلاف درج مقدمات کی حیثیت -ایئرسیل – جعلی، آئئ این ایکس – زیادہ جعلی، ویزا – سب سے زیادہ جعلی ہیں۔