وزیر۔ افسران اپنی ملکیت کی تفصیلات فراہم کریں:یوگی
لکھنؤ:اپریل۔اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سبھی وزراء اور افسران سے اپنی اور اہل خانہ کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدا کی تفصیلات عوامی سطح پر پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔کابینہ کی ایک خصوصی میٹنگ میں یوگی نے منگل کو کہا کہ ایک صحت مند جمہوریت کے لیے عوامی نمائندوں کے طرز عمل کی صفائی بہت ضروری ہے۔ اس جذبے کے تحت تمام وزراء کو حلف اٹھانے کے بعد اگلے تین ماہ کے اندر اپنی اور اپنے خاندان کے افراد کی تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کا عوامی اعلان کرنا چاہیے۔ وزراء کے لیے مقرر کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کیا جائے اور عوامی نمائندگی ایکٹ کی شقوں پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح تمام سرکاری ملازمین (آئی اے ایس/ پی سی ایس) کو اپنی اور خاندان کے افراد کی منقولہ/ غیر منقولہ جائیداد کا عوامی اعلان کرنا چاہیے۔ یہ تفصیلات عوام کی معلومات کے لیے آن لائن پورٹل پر دستیاب کرائی جائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام وزراء اس بات کو یقینی بنائیں کہ سرکاری کام میں ان کے خاندان کے افراد کی مداخلت نہ ہو۔ ہمیں اپنے طرز عمل سے ایک مثال قائم کرنی ہوگی۔ یوگی نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں محکمہ کی کامیابیوں اور ایکشن پلان کا پریزنٹیشن مکمل ہو چکا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ اس ایکشن پلان کو عملی جامہ پہنایاجائے۔ تمام وزراء، محکمے افسران پراجیکٹس میں معیار اور وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں۔