8 سال سے درخت پر رہنے والا کراچی کا شہری
کراچی،اپریل۔بے گھر ہونے والے افراد کو آج تک سڑکوں اور فلاحی اداروں میں رہتے تو دیکھا گیا ہے لیکن کراچی کا ایک شہری ایسا بھی ہے جو گزشتہ 8 برسوں سے درخت پر زندگی گزاررہا ہے۔کراچی کا رہائشی فرمان علی عزیز آباد کے کوہِ نور پارک میں آم کے درخت پر 8 برس سے زندگی گزاررہا ہے۔طوطوں سے کھیلتے اور ٹارزن کی طرح درخت پر اترتے چڑھتے فرمان علی کا کہنا ہے کہ زمین پر چھت نہ ملنے کے باعث انہوں نے درخت پر اپنا آشیانہ بنا لیا۔کراچی کے ٹارزن نے درخت پر رہنے کا فیصلہ کیوں کیا؟فرمان کا بتانا ہے کہ وہ اچھی زندگی کے خواب لے کر شکار پور سے کراچی آیاتھا لیکن یہاں آکر اس کی زندگی میں ایسی تبدیلیاں آئیں کہ والدین ایک کے بعد ایک کر کے انتقال کرگئے، والدین کے انتقال کے بعد ان کے اپنوں نے بھی ان کا ساتھ چھوڑدیا جس کے بعد انہوں نے درخت پر رہنے کا فیصلہ کیا۔فرمان کا درخت پر بنا آشیانہ کن چیزوں پر مشتمل ہے؟درخت پر چار ٹہنیوں کی مدد سے بنی فرمان علی کی چھوٹی سی جھونپڑی میں ہاتھ منہ دھونے کے لیے واش بیسن، پانی کی ٹنکی، سونے کے لیے بستر، لائٹ کا کنکشن اور کچھ دیگر سہولتیں موجود ہیں۔فرمان کا کہنا ہے کہ مچھر اور مکھیاں ان کو بے آرام کرتی ہی ہیں لیکن انہیں بارشوں سے ڈر لگتا ہے کیوں کہ گزشتہ بارشوں میں وہ بے گھر ہو گیا تھا۔فرمان علی کھاتے پیتے کہاں سے ہیں؟فرمان علی کا کہنا ہے کہ وہ گاڑیاں صاف کرکے اتنی رقم کما لیتا ہے کہ دو وقت کی روٹی کا بندوبست ہو سکے، محلے والے بھی اس کا ساتھ نبھاتے ہیں۔