aپوتین کو جنگ کی قیمت چکانا ہو گی : امریکی وزیر خارجہ کی نائب
واشنگٹن،مارچ۔امریکی وزیر خارجہ کی نائب وینڈی شیرمن نے یوکرین کی جنگ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے باور کرایا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پوتین نے ایک غیر منصفانہ اور بلا جواز جنگ اختیار کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ "امریکا کا معرکہ روسی عوام کے ساتھ نہیں اور پوتین کو اپنے اقدام کی قیمت چکانا ہو گی۔آج جمعے کے روز العربیہ/الحدث نیوز چینلوں کو دیے گئے انٹرویو میں وینڈی کا کہنا تھا کہ یوکرینی پناہ گزینوں کی تعداد 40 لاکھ کے قریب ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ امریکا نے سفارتی راستوں کے ذریعے روس کو جنگ سے روکنے کی کوشش کی تھی۔چین کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے وینڈی نے باور کرایا کہ امریکی صدر جو بائیڈن آج اپنے چینی ہم منصب سے رابطہ کریں گے۔امریکی وزیر خارجہ کی نائب کے مطابق تیل کی قیمتوں میں اضافے کے ذمے دار پوتین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے لیے خلیجی ممالک اور اوپیک کے ساتھ مشاورت ہو رہی ہے۔امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے کل جمعرات کے روز کہا تھا کہ روس نے یوکرین میں "جنگی جرائم” کا ارتکاب کیا ہے۔ انہوں نے کہ کہ امریکا اس کی تصدیق کے لیے کام کر رہا ہے۔بلنکن نے واضح کیا کہ یوکرین پر روسی حملے کے اثرات ایندھن کی قیمتوں اور عالمی معیشت پر مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے باور کرایا کہ ماسکو پر غیر معمولی نوعیت کی اقتصادی پابندیوں کے سبب روس جہنم کے دہانے پر کھڑا ہے۔روس نے 24 فروری کو یوکرین میں فوجی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ بین الاقوامی سطح پر یہ اندیشے سامنے آئے ہیں کہ ماسکو نے ممکنہ طور پر یوکرین کی سرزمین پر حیاتیاتی ہتھیار استعمال کیے ہیں۔ ادھر روس نے یوکرین اور امریکا پر مشکوک کیمیائی تجربہ گاہیں تعمیر کرنے کا الزام عائد کیا ہے