معروف ہسپانوی فیشن برانڈ نے بھی روس کا بائیکاٹ کردیا
ماسکو،مارچ۔معروف ہسپانوی فیشن برانڈ انڈیٹیکس نے بھی یوکرین سے یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے روس کا بائیکاٹ کردیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ہسپانوی کمپنی انڈیٹیکس نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ وہ روس میں اپنی دکانوں اور گروپ کے آن لائن شاپنگ اسٹور کو عارضی طور پر بند کر رہی ہے۔کمپنی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ’کمپنی روس میں اپنی 502 دکانوں میں اپنی سرگرمیوں کو عارضی طور پر معطل کر رہی ہے‘۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ’موجودہ حالات کے پیش نظر، انڈیٹیکس روس میں اپنے کاروباری حالات کے تسلسل کی ضمانت نہیں دے سکتی‘۔انڈیٹیکس کا کہنا ہے کہ ’کمپنی اپنی کمائی کا تقریباً 8.5 فیصد حصّہ روس سے کماتی ہے‘۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ’اس وقت انڈیٹیکس کی ترجیح اس کا 9,000 سے زائد عملہ ہے جس کے لیے (گروپ) اب ایک خصوصی سپورٹ پلان تیار کرے گا‘۔خیال رہے کہ انڈیٹیکس کے علاوہ بھی کئی ملٹی نیشنل کمپنیوں نے 24 فروری کو یوکرین پر حملے کے بعد روس میں اپنا کاروبار معطل کردیا ہے۔