کنگنا رناوت کی ڈیجیٹل دنیا میں انٹری قانونی چارہ جوئی کا شکار
ممبئی،فروری۔بالی ووڈ کوئین کنگنا رناوت کی شو’لاک اپ‘ کے ذریعے ڈیجیٹل دنیا میں انٹری قانونی چارہ جوئی میں بدل گئی۔ہوا کچھ یوں کہ ایکتا کپور، بالاجی فلمز اور دیگر کمپنیوں کے خلاف کنگنا رناوت کے ویب شو ’لاک اپ‘ کے خلاف حکم امتناع سامنے آگیا۔حیدر آباد کی عدالت نے 27 فروری کے شو کے پریمیئر سے چند روز قبل ’لاک اپ‘ کی ریلیز کے حوالے سے حکم امتناع جاری کیا ہے۔عدالتی حکم سامنے آنے کے بعد پروڈیوسرز نے فوری طور پر جواب نہیں دیا تاہم شو کے تازہ پرومو میں 27 فروری کے بجائے جلد آرہا ہے تحریر کردیا ہے۔لاک اپ کے خلاف صنوبر بیگ نے پہلے کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کروایا اور اس کے بعد حیدر آباد سول کورٹ نے عبوری حکم امتناع جاری کردیا۔مدعی مقدمہ نے اپنی درخواست ایکتا کپور اور اْن کی کمپنی بالاجی فلمز سمیت دیگر کمپنیوں کو بھی نامزد کیا ہے۔عدالت نے حکم امتناع کے ذریعے شو کی کسی بھی نوعیت کی نمائش یا اشتہار بازی پر پابندی لگادی ہے، کیس کی اگلی سماعت 9 مارچ کو ہوگی۔صنوبر بیگ نے مقدمے کے ذریعے دعویٰ کیا ہے کہ لاک اپ جس آئیڈیا پر مبنی ہے، وہ 2018ء میں اسکرین رائٹرز ایسوسی ایشن میں رجسٹرڈ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس آئیڈیے پر ڈائریکٹر شانتانورئے کے ساتھ کام بھی کررہے ہیں اور اْن کے شو کا نام جیل ہے۔مدعی مقدمہ نے یہ بھی کہا کہ وہ لاک اپ کے شریک پروڈیوسر اور اینڈیمول کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ابھیشک کے ساتھ رابطے میں رہ چکے ہیں، ہم نے شو کے کانسپٹ پر بات بھی کی تھی اور انہوں نے کوویڈ لاک ڈاؤن کے بعد اس پر کام کرنے کی حامی بھری تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ شو کا آئیڈیا ’اسٹار پلس‘ کے سامنے بھی رکھا تھا لیکن وہاں بات نہیں بن سکی، میں نے ذاتی طور پر نوٹس بھیج دیے ہیں۔صنوبر بیگ کا کہنا تھا کہ میں شہرت یا پیسے کا متلاشی نہیں، میری پوری ٹیم 8 ماہ سے اس پر کام کررہی ہے، ہمیں یہ قبول نہیں کہ کوئی اجازت کے بغیر ہمارے آئیڈیے پر کام کرے۔میڈیا نے جب مدعی مقدمہ سے استفسار کیا کہ وہ اس قانونی چارہ جوئی کے ذریعے کیا چاہتے ہیں؟ معاوضہ یا آئیڈیا میں شراکت کا کریڈٹ؟اس پر انہوں نے جواب دیا کہ میں معاملہ عدالت پر چھوڑ تا ہوں، دراصل ابھیشک کی مجھے یقین دہانی کے بعد میرے آئیڈیے پر بالاجی کے ساتھ شو کرنا پیٹھ میں چھرا گونپنے کے مترادف ہے۔انہوں نے بتایا کہ میں نے درخواست میں شو کے آئیڈیا کی وضاحت کردی ہے، وہ بالکل ویسا ہی ہے جیسا لاک اپ کے پرومو میں دکھایا جارہا ہے۔