بھارتی اداکارہ نشے کی حالت میں گاڑی چلانے، پولیس سے بدسلوکی پر گرفتار
ممبئی،فروری۔بھارتی اداکارہ کاویا تھاپڑ کو نشے کی حالت میں گاڑی چلانے اور پولیس اہلکاروں سے گالی گلوچ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق تامل اور تیلگو فلموں کی 26 سالہ اداکارہ کاویا تھاپڑ کو جمعرات 17 فروری کی رات گئے گرفتار کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق اداکارہ پر شراب پی کر گاڑی چلانے، پولیس سے بدتمیزی اور گالی گلوچ کرنے کا الزام ہے۔میڈیا کے مطابق کاویا تھاپڑ کو جوہو کے علاقے میں نشے کی حالت میں گاڑی چلانے، دوسری گاڑی کو ٹکر مارنے، پولیس اہلکاروں سے مبینہ بدسلوکی اور ہاتھا پائی کرنے کی کوشش کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ایک اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ اداکارہ جوہو میں واقع جے ڈبلیو میریٹ ہوٹل کے قریب رات تقریباً 1 بجے شراب کے نشے میں اپنی ایس یو وی چلارہی تھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کاویا تھاپڑ عدالتی ریمانڈ پر ہیں، ان کی گاڑی نشے کی حالت میں بے قابو بھی ہوئی، ایک راہ گیر نے واقعہ دیکھا اور پولیس کنٹرول روم پر فون کرکے اطلاع دی، جس کے بعد پولیس جائے وقوع پر پہنچی۔