کرناٹک ہائی کورٹ نے حجاب معاملہ بڑی بینچ کو سونپا
بنگلور، فروری ۔کرناٹک ہائی کورٹ نے بدھ کو طالبات کے حجاب پہن کر کالجوں میں جانے کی اجازت دینے کے معاملے میں کوئی حتمی فیصلہ دینے سے انکار کردیا اور معاملے کو بڑی بینچ کے پاس بھیج دیا۔جسٹس کرشنا دکشت کی سنگل بینچ نے کہا کہ بڑی بینچ اس معاملے میں عبوری راحت پر بھی غور کرے گی۔جسٹس دکشت نے کہا کہ عدالت کا خیال ہے کہ سماعت میں جن اہم سوالات پر بحث ہورہی ہے، ان سے متعلق کاغذات چیف جسٹس کے سامنے رکھے جائیں تاکہ یہ طے کیاجاسکے کہ کیا اس معاملے میں ایک بڑی بینچ کی تشکیل کی جاسکتی ہے۔بینچ نے کہاکہ عبوری راحت پر بڑی بینچ غور کرے گی، جسے چیف جسٹس اپنی صواب دید سے تشکیل دیں گے۔جسٹس دکشت نے ان حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے رجسٹری کو حکم دیا کہ عرضیوں میں عجلت کے پیش نظر دستاویزوں کو فوراً غور کرنے کے لیے چیف جسٹس کے سامنے رکھا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بڑی بینچ کی تشکیل کے سلسلے میں چیف جسٹس کے ذریعہ فیصلہ لیے جانے کے بعد عرضی گزار عبوری راحت مانگ سکتے ہیں۔اس سے پہلے ریاستی پولس نے اسکول، پی یو کالج، ڈگری کالج اور دیگر تعلیمی اداروں کے 200 میٹر کے دائرے میں کسی بھی مظاہرہ، احتجاج اور بھیڑ جمع ہونے پر پابندی لگادی تھی۔قابل ذکر ہے کہ ہائی کورٹ نے منگل کو تشدد کے معاملے سامنے آنے کے بعد لوگوں سے امن وامان برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے کل شام سے تین دنوں تک ریاست کے سبھی اسکول اور کالج بند کرنے کا حکم دیا۔