بی جے پی پہلے معافی مانگے پھر ووٹ مانگے :ممتا
لکھنؤ:فروری۔مغربی بنگال کی وزیر اعلی و ترنمول کانگریس(ٹی ایم سی) صدر ممتا بنرجی نے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) پر عوام سے جھوٹے وعدے کرنے کا الزام لگاتے ہوئے منگل کو کہا کہ کورونا وبا میں لاتعداد مہلوکین کو آخری رسوم کی ادائیگی کے لئے جس پارٹی کی حکومت لکڑی تک دستیاب نہ کراپائی ہو اسے پہلے ملک سے معافی مانگنی چاہئے پھر عوام سے ووٹ مانگنے کا اسے اخلاقی حق ملے سکے گا۔محترمہ بنرنی جے یہاں سماج وادی پارٹی(ایس پی) صدر اکھلیش یادو کے ساتھ جوائنٹ پریس کانفرنس میں بی جے پی پر تلخ تبصرے کئے ۔ انہوں نے اترپردیش کے اسمبلی انتخابات میں ایس پی کو ٹی ایم سی کی حمایت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا‘ میں اترپردیش کی عوام سے ہی اپیل کرنے آئی ہوں کہ آپ سب متحد ہوکر بی جے پی کو شکست فاش سے دوچار کریں اور ایس پی کو کامیاب بنائیں۔انہوں نے اترپردیش کے اسمبلی انتخابات کو ملک کو بچانے والا الیکشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو بچانے کے لئے یہ الیکشن سبھی کے لئے بہت اہم ہے ۔ اس لئے ٹی ایم سی نے اترپردیش میں الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے اس الیکشن کی اہمت کو بتاتے ہوئے کہا‘ ہماری پارٹی گوا میں الیکشن لڑرہی ہے لیکن میں گوا نہیں گئی۔ مگر میں اترپردیش آئی ہوں کیونکہ اترپردیش کی لڑائی ملک کی عزت کو بچانے کی لڑائی ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ اترپردیش ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہاں سے بی جے پی گئی تو پورے ملک سے چلی جائے گی اس لئے بی جے پی کو اترپردیش میں ہرانا بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا‘اگر ہم مغربی بنگال میں متحد ہوکر بی جے پی کر ہرا سکتے ہیں تو اترپردیش میں بھی متحد ہوکر بی جے پی کو ہرانا بہت آسان ہے ۔ترنمول لیڈر نے بی جے پی کے آج جاری کئے گئے مینو فیسٹو کو عوام کے ساتھ مذاق قرار دیا۔ انہوں نے کہا‘ ہمیں نہیں معلوم بی جے پی نے آج‘انتخابی منشور’جاری کیا ہے یا‘مینو فیسٹو’جاری کیا۔ کورونا میں اتنے لوگ مارے گئے جنہیں آخری رسوم کے لئے لکڑی تک نہیں ملی اور ہاتھرا میں جو ہوا اس کے لئے پہلے بی جے پی ملک سے معافی مانگے پھرووٹ مانگے ۔‘انہوں نے کہا کہ بی جے پی کورونا بحران اور کسان تحریک کے دوران مارے گئے لوگوں کے اہل خانہ کو نوکری دینے کا وعدہ اپنے انتخابی منشور میں کرتی تو انہیں خوشی ہوتی۔اس دوران اکھلیش نے بی جے پی کے انتخابی منشور کو‘جھوٹ کا جہاز’قرار دیا۔ اکھلیش نے کہا‘بی جے پی کا جھوٹ کا جہاز اس بار اترپردیش میں لینڈ نہیں کر پائے گا۔ ہمارے ساتھ ممتا دیدی کو آج دیکھ کر بی جے پی کو مغربی بنگال کی ہار یاد آگئی ہوگی۔