وزیراعظم نریندر مودی سنیچر کی صبح لال قلعہ سے اہل وطن سے خطاب کریں گے
نئی دہلی، وزیراعظم نریندر مودی سنیچر کو 74ویں یوم آزادی پر تاریخی لال قلعہکی فصیل سے قومی پرچم لہرائیں گے اور اہل وطن سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم صبح سات بجے راج گھاٹ جاکر بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقید ت پیش کریں گے اور وہاں سے سیدھے لال قلعہ پہنچیں گے۔ تقریب کی جگہ پہنچنے پر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور دفاعی سکریٹری ڈاکٹر اجے کمار وزیراعظم کا استقبال کریں گے۔ ڈیفنس سکریٹری فوج کے دہلی ایریا کے جنرل آفیسر ان کمان لیفٹننٹ جنرل وجے کمار مشرا کا وزیراعظم سے تعارف کرائیں گے جو وزیراعظم کو سلامی اسٹیج پر لیکر جائیں گے۔ تینوں افواج اور پولیس کے جوان وزیراعظم کو سلامی دیں گے جس کے بعد وزیراعظم سلامی گارڈ کو معائنہ کریں گے۔ سلامی گارڈ کی کمان لیفٹننٹ کرنل گور اے یوالکر کے پاس ہوگی۔
اس کے بعد وزیراعظم لال قلعہ کی فصیل پر جائیں گے جہاں وزیر دفاع، سی ڈی ایس جنرل بپن راوت اور تینوں افواج کے سربراہ ان کا استقبال کریں گے۔ وزیراعظم پرچم لہرانے کے لئے جائیں گے۔ فوج کی میجر شویتا پانڈے پرچم لہرانے میں وزیراعظم کی مد د کریں گی۔ اس کے ساتھ فوج کی طرف سے 21توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی نیشنل گارڈ قومی پرچم کو ’رقومی سلامی‘ پیش کریں گے۔ فوج کا بینڈ اس دوران قومی ترانہ کی دھن بجائے گا۔ تقریب میں موجود تمام وردی پہنے افراد بھی قومی پرچم کو سلام کریں گے اور دیگر لوگ اس کے اس کے احترام میں کھڑے ہوں گے۔
قومی پرچم لہرانے کے بعد وزیراعظم قوم سے خطاب کریں گے۔ ان کے خطاب کے بعد نیشنل کیڈٹ کور کے کیڈٹ قومی ترانہ گائیں گے۔ اس بار تقریب میں اسکولی بچوں کی جگہ این سی سی کے 500کیڈ ٹ حصہ لے رہے ہیں۔