کیریئر کے ابتدائی دنوں کے بارے میں بتاؤں تو لوگ ہنسیں گے، کپل شرما
ممبئی،جنوری۔معروف بھارتی کامیڈین و اداکار کپل شرما نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ان دنوں کے بارے میں لوگوں کو بتائیں کہ انھوں نے ممبئی میں دن کیسے گزارے تھے تو وہ ہنسیں گے۔ ’کپل شرما شو‘ کے میزبان نے کامیڈی کو بطور کیریئر شروع کرنے سے پہلے جو دیگر کام کیے اس کے بارے میں بھی بتایا۔ واضح رہے کہ کپل جلد ہی اپنے پہلے نیٹ فلیکس اسٹینڈ اپ اسپشل، کپل شرما، آئی ایم ناٹ ڈن یٹ میں نظر آئیں گے۔ اس سے قبل کپل نے اپنی زندگی کے کاموں اور ابتدا کے بارے میں گفتگو کی۔ کپل نے بتایا کہ میں نے پہلے بی ایس ایف کے لیے کوشش کی، پھر آرمی میں گیا۔ میرے والد اور چچا پولیس فورس کا حصہ رہے تھے۔ لیکن والد صاحب کافی موسیقاروں کو جانتے تھے اور انھوں نے ہی مجھے ان سے ملوایا، وہ چاہتے تھے کہ میں کچھ بڑا کام کروں یا پھر زندگی میں کوئی تخلیقی کام کروں۔ انھوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ جب میں پہلی بار اپنے دوستوں کے ساتھ ممبئی آیا تو ہم لوگ جوہو کے علاقے میں گھومتے رہے اور ڈائریکٹرز کو دیکھتے رہے، اس وقت سے لیکر اب تک چیزیں کافی تبدیل ہوئی ہیں، اس ممبئی نے میرے جیسے اسکوٹر والوں کو لوگوں کو تفریح فراہم کرنے کے لیے اسٹیج پر کھڑا ہونے کا موقع دیا۔