تیجسوی اکھلیش کیلئے مانگیں گے ووٹ
26 جنوری کو ورچوئل ریلی سے کریںگے خطاب
پٹنہ ،جنوری۔ اتر پردیش اسمبلی انتخاب میں سماجوادی پارٹی ( ایس پی ) کی جیت یقینی بنانے کیلئے بہار کی اہم اپوزیشن راشٹریہ جنتادل( آرجے ڈی ) نے زور آزمائی شروع کر دی ہے ۔بہار کے اپوزیشن لیڈر اور آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کے بیٹے تیجسوی پرساد یادو 26 جنوری کو ورچوئل ریلی کریںگے اور کھلیش یادو کی پارٹی ایس پی کیلئے اتر پردیش کی عوام سے ووٹ مانگیںگے ۔ تیجسوی نے پہلے ہی صاف کر دیاہے کہ ان کی پارٹی اتر پردیش میں انتخاب نہیں لڑے گی اور ایس پی کے لئے انتخابی تشہیر کرے گی ۔ اسی اعلان کے مطابق اب تیجسوی نے اتر پردیش میں انتخابی تشہیر کرنے کا اعلان کیاہے ۔اترپردیش میں ہورہے اسمبلی انتخاب کے سلسلے میں بہار کی سیاست گرمائی ہوئی ہے ۔ پٹنہ میں آرجے ڈی ہیڈکوارٹر کے باہر جمعہ کو بڑے ۔ بڑے ہورڈنگ لگائے گئے ہیں۔ سماجواد ی پارٹی کی جانب سے آرجے ڈی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے مرکز کی نریندر مودی اور اتر پردیش کی یوگی حکومت پرزبردست حملہ بولا گیا ہے ۔ ایس پی کی جانب سے کہا گیاہے کہ آئین اور عوام مخالف حکومت کو شکست دینے کیلئے اور اتر پردیش میں سماجوادی پارٹی کو حمایت دینے کیلئے آر جے ڈی کنبہ کو مبارکباد۔آرجے ڈی ہیڈکوارٹر کے باہر لگے ایس پی کے بینر پر مودی اور یوگی کی تصویرلگاتے ہوئے طنز کساہے کہ ’آؤ اب لوٹ چلیں۔‘ ایک دیگر نعرے میں لکھا گیاہے کہ ’ٹھوکو سرکار کو چوٹ دو ، سائیکل چھاپ پر ووٹ دو ۔‘ ایس پی نے کچھ دیگر نعروں سے بی جے پی پر حملہ بولا ہے اور ریاست میں سائیکل کے حق میں نعرے وضع کئے گئے ہیں۔