سوویت یونین کے زوال کے بعد ٹیکسی بھی چلانا پڑی تھی، پیوٹن
ماسکو،دسمبر۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے سوویت یونین کے زوال کے بعد اپنی گزر بسر کیلئے ٹیکسی چلائی تھی،سوویت یونین کا خاتمہ 20 ویں صدی کی سب سے بڑی جغرافیائی سیاسی تباہی ہے ،تین دہائیاں قبل ہونے والا زوال’ ’اکثر شہریوں‘ ‘کیلئے المیہ ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سوویت یونین کا خاتمہ دراصل ’تاریخی روس‘ کا خاتمہ تھا۔ سوویت یونین کی کے جی بی سیکورٹی سروسز کے سابق ایجنٹ پیوٹن، جنہوں نے پہلے بھی سوویت یونین کے زوال پر افسوس کا اظہار کیا تھا، کہا کہ تین دہائیاں قبل ہونے والا زوال ’اکثر شہریوں‘ کے لیے ایک ’المیہ‘ ہے۔ صدر پیوٹن کے ریمارکس روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آر آئی اے نووستی نے رپورٹ کئے جو نشریاتی ادارے چینل ون کی آنے والی ایک دستاویزی فلم کے اقتباسات تھے، جسے ’روس۔ حالیہ تاریخ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ روسی صدر کو اس فلم میں یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ ’آخر، سوویت یونین کا انہدام کیا ہے؟ یہ سوویت یونین کے نام سے تاریخی روس کا انہدام ہے۔‘ سوویت یونین کے وفادار سرکاری ملازم رہنے والے پیوٹن اس وقت مایوس ہو گئے جب اس کا انہدام ہوا۔ ایک موقعے پر انہوں نے سوویت یونین کے خاتمے کو ’20 ویں صدی کی سب سے بڑی جغرافیائی سیاسی تباہی‘ بھی قرار دیا۔ پیوٹن سابق سوویت ممالک میں مغربی فوجی عزائم کی توسیع کے بارے میں کافی حساس ہیں اور روس نے رواں ہفتے نیٹو سے جارجیا اور یوکرین کیلئے اپنے دروازے کھولنے کے 2008 کے فیصلے کو باضابطہ طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ سوویت یونین کا خاتمہ اپنے ساتھ شدید معاشی عدم استحکام کا دور لے کر آیا جس نے بہت سے لوگوں کو غربت میں دھنسا دیا تھا۔ اس کے بعد نیا آزاد روس کمیونزم سے سرمایہ داری میں منتقل ہوگیا۔ دستاویزی فلم کے اقتباسات سے رپورٹنگ کرتے ہوئے آر آئی اے نووستی نے کہا کہ پیوٹن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی آمدنی بڑھانے کیلئے کبھی کبھار ٹیکسی ڈرائیور کے طور پر کام کرتے تھے۔