’ہیری پوٹر‘ کا پہلا ایڈیشن امریکا میں 4 لاکھ 71 ہزار ڈالرز میں فروخت
نیویارک،دسمبر۔جے کے رونگ کے مقبول ترین ناول ’ہیری پوٹر‘ کا پہلا ایڈیشن امریکا میں4لاکھ71ہزار ڈالرز میں فروخت ہوگیا۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق نیلام گھر کے منتظمین کا کہنا تھا کہ یہ 20 ویں صدی میں لکھے گئے فکشن کی فروخت کی ورلڈ ریکارڈ قیمت ہے۔ناول کا 1997 کا برطانوی ایڈیشن جس کا عنوان ’ہیری پوٹر اینڈ دی فلاسفرز اسٹون‘ تھا ہیریٹیج آکشنز نے اسے ’جادوئی، ناقابل یقین حد تک روشن اور بہت قدیم‘ قرار دیا تھا۔یہ ناول امریکہ میں ’ہیری پوٹر اینڈ دی سورسررز اسٹون ‘ کے نام سے شائع ہوا تھا۔ڈیلاس میں واقع نیلام گھر نے کہا کہ مخصوص بائنڈنگ کے ساتھ اس ایڈیشن کی صرف 500 کاپیاں پرنٹ کی گئی تھیں جن کی حتمی قیمت، قبل از فروخت کے 70 ہزار ڈالر کے تخمینے سے 6گنازیادہ تھی۔ہیری پوٹر کے پہلے ایڈیشن کے لیے پچھلی نیلامیوں کی قیمتیں تقریباً ایک لاکھ 10ہزار ڈالر سے ایک لاکھ 38ہزار ڈالر کے درمیان تھیں۔ ہیریٹیج آکشنز کے ایگزیکٹو نائب صدر جو میڈلینا نے ایک بیان میں کہا کہ ’یہ نہ صرف ہیری پوٹر کی اب تک کی سب سے مہنگی کتاب ہے، بلکہ یہ 20ویں صدی میں فروخت ہونے والی سب سے مہنگی تجارتی کتاب بھی ہے‘۔یہ کتاب ایک امریکی نے فروخت کی تھی لیکن خریدار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔برطانوی مصنفہ جے کے رولنگ نے ہیری پوٹر سیریز کی6کتابیں لکھیں تھیں جن کی دنیا بھرمیں 80زبانوں میں500ملین کاپیاں فروخت ہوئیں۔انہی ناولز پر بننے والی8فلموں کی عالمی باکس آفس پر کمائی 7.8 بلین ڈالرز رہی تھی۔