برطانیہ میں کووِڈ کی اومیکرون شکل کا شکارپہلا مریض چل بسا!

لندن،دسمبر۔برطانیہ میں کروناوائرس کی اومیکرون شکل میں مبتلا مریض چل بسا ہے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے پیر کے روز ایک بیان میں خود اس کی موت کی تصدیق کی ہے۔برطانیہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی اومیکرون شکل ’’غیرمعمولی شرح‘‘سے پھیل رہی ہے اور اب لندن میں کووِڈ-19 کا شکارکل افراد میں قریباً 40 فی صد اومیکرون ہی سے متاثرہ ہیں،لہٰذا لوگوں کوویکسین کی تیسری تقویتی خوراک لگائی جانی چاہیے کیونکہ ویکسین کی دوخوراکیں لینے والے اب غیرمحفوظ ہیں۔برطانیہ میں 27 نومبر کو اومیکرون کے پہلے کیس کا پتا چلا تھا۔ اس کے بعد سے وزیراعظم بورس جانسن نے سخت پابندیاں عاید کی ہیں اور اتوار کے روز قوم کوخبردار کیا ہے کہ اومیکرون ’’طغیانی کی لہر‘‘کی طرح آرہا ہے۔برطانیہ کا کہناہے کہ کوئی حفاظتی احتیاطی کارروائی نہیں کی جاتی تو اس ماہ کے آخر تک اومیکرون سے متاثرہ افراد کی تعداد دس لاکھ تک ہو سکتی ہے۔دریں اثناء برطانوی وزیرصحت ساجدجاوید نے اسکائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اومیکرون وائرس غیرمعمولی شرح سے پھیل رہا ہے۔ایسا ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔اس کی انفیکشن ہر دو سے تین دن کے بعد دْگنا ہو رہی ہے۔اس کا یہ مطلب ہے کہ ہمیں انفیکشن کی ایک لہر کا سامنا ہے، ہم ایک مرتبہ پھر ویکسین اوروائرس کے درمیان دوڑمیں ہیں‘‘۔

Related Articles