ہندوستان-بنگلہ دیش دوستی کے 50 سال ، حسینہ واجد کا اظہارمسرت
ڈھاکہ/نئی دہلی، دسمبر (یو این آئی) بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ہندوستان کے ساتھ دوستی کے 50 سال مکمل ہونے کے موقع پر خوشی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔محترمہ حسینہ نےنئی دہلی میں انڈین کونسل آف ورلڈ افیئرز (آئی سی ڈبلیو اے ) میں منعقدہ فرینڈشپ ڈے کی تقریبات کے دوران نشر ہونے والے ایک ویڈیو پیغام میں اظہار خیال کیا۔ یہ تقریب دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تعلقات کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی۔ انہوں نے کاروباری سرگرمیوں کو تیز کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان عوام کے درمیان رابطے بڑھانے پر بات کی۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تعلقات کی قدر کرتے رہیں گے۔ ساتھ ہی یہ سالگرہ ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے لے جانے اور بنگلہ دیش اور ہندوستان کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کرنے کے اپنے وعدوں کو دہرانے کا ایک موقع ہے۔محترمہ حسینہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے مارچ 2021 میں بنگلہ دیش کے اپنے دورے کے دوران ڈھاکہ اور نئی دہلی سمیت 18 منتخب شہروں میں مشترکہ تقریبات منعقد کرنے اور 6 دسمبر کو یوم دوستی کے طور پر تسلیم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ آنے والی دہائیوں میں دونوں ممالک کے عوام مل کر اپنے وژن اور نظریات کو حقیقت میں بدلتے رہیں گے۔’ڈھاکہ ٹریبیون‘ نے اپنی رپورٹ میں کہا’’بنگلہ دیش اور ہندوستان سفارتی تعلقات کے قیام کی گولڈن جبلی منا رہے ہیں۔ یہ ہمارے دوطرفہ تعلقات کے سفر میں ایک سنگ میل ہے۔ ہندوستان نے 6 دسمبر 1971 کو بنگلہ دیش کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کیا تھا۔