بائیڈن نے امریکہ اور پولینڈ کے تعلقات کو سراہا
وارسا، فروری۔امریکی صدر جو بائیڈن نے منگل کو پولینڈ کے ساتھ تعلقات کو اہم قرار دیا اور یوکرین کے باشندوں کو اپنے ملک میں خوش آمدید کرنے کے لئے پولینڈ کے عوام کی تعریف کی۔وائٹ ہاؤس کے ایک بیان کے مطابق مسٹر بائیڈن نے پولینڈ کے صدر آندریج ڈوڈا کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کے دوران کہا کہ امریکہ کو پولینڈ کی ضرورت ہے، جس طرح پولینڈ کو امریکہ کی ضرورت ہے۔پولینڈ پریس ایجنسی کے مطابق مسٹر ڈوڈا نے کہا کہ مسٹر بائیڈن کا دورہ ایک اہم سیکورٹی کا اشارہ ہے۔مسٹر بائیڈن نے عہد کیا کہ ان کا ملک اور اس کے اتحادی یوکرین کی حمایت کرتے نہیں تھکیں گے اور نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) کی اجتماعی سلامتی کے لیے امریکہ کے عزم پر زور دیا، جبکہ مسٹر ڈوڈا نے یورپی ممالک اور نیٹو پر یوکرین کے ساتھ اظہار یکجہتی پر زوردیا۔مسٹر بائیڈن کیف کے اچانک دورے کے بعد پیر کو پولینڈ پہنچے۔ ایک سال سے بھی کم عرصے میں یہ ان کا دوسرا دورہ تھا۔ وہ بدھ کو یہاں منعقد ہونے والی بخارسٹ نائن چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔