جیک ڈورسی کا ٹوئٹر چھوڑنے کا اعلان

کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے استعفیٰ

نیویارک،نومبر۔ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی نے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔ٹوئٹر کے مطابق اب ان کی جگہ کمپنی کے چیف تکنیکی افسر پراگ اگروال یہ عہدہ سنبھالیں گے۔سنہ 2006 سے ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی ٹوئٹر کے ساتھ ساتھ آن لائن ادائیگیوں کی کمپنی ’سکوئر‘ کے بھی چیف ایگزیکٹو ہیں۔اپنے تحریری بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ ’آخر کار میرے جانے کا وقت آ گیا ہے۔‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ کمپنی ’آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔‘جیک ڈورسی نے کہا کہ انھیں اپنے متبادل پر ’گہرا‘ اعتماد ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ ان کی صلاحیتوں کے لیے تہہ دل سے مشکور ہیں اور ’یہ ان کی قیادت کرنے کا وقت ہے۔‘یاد رہے کہ پراگ اگروال نے سنہ 2011 میں کمپنی میں شامل ہوئے تھے اور وہ سنہ 2017 سے ٹیکنالوجی کے شعبے کے سربراہ ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ برس سے جیک ڈورسی پر کچھ سرمایہ کاروں کی طرف سے استعفیٰ دینے کا دباؤ تھا تاکہ ایک ایسا چیف ایگزیکٹو آئے جس کی تمام تر توجہ صرف ٹوئٹر پر ہی ہو۔
’مجھے ٹوئٹر سے محبت ہے:جیک ڈورسی کے جانے کی خبروں کے بعد ٹوئٹر کے حصص کی قیمت میں تھوڑا اضافہ ہوا، جس کی وجہ سے سٹاک ایکسچینج میں حصص کی تجارت عارضی طور پر روک دی گئی۔پیر کو جیک ڈورسی کی ٹوئٹر چھوڑنے کی خبر سب سے پہلے سی این بی سی پر دی گئی تھی جس میں نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیا گیا تھا۔ اتوار کے روز جیک ڈورسی نے اچانک ہی ایک ٹویٹ کی تھی جس میں لکھا تھا کہ ’مجھے ٹوئٹر سے محبت ہے۔‘45 برس کے جیک ڈورسی نے سنہ 2006 میں بز سٹون، ایون ولیمز اور نوحا گلاس کے ساتھ ٹوئٹر کی بنیاد رکھی تھی۔ڈورسی اس پلیٹ فارم پر کی جانے والی اپنی پہلی ٹویٹس اور چیف ایگزیکٹو کے عہدے پر سب سے زیادہ عرصہ تک رہنے کی وجہ سے کمپنی کی پہچان بن گئے۔آن لائن ادائیگیوں کی ایپ ’سکوئر‘ بنانے کے لیے جیک ڈورسی نے سنہ 2008 میں ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ چھوڑ دیا تھا لیکن سنہ 2015 میں اس وقت کے چیف ایگزیکٹو ڈِک کوسٹولو کے عہدہ چھوڑ دینے کے بعد انھیں واپس لایا گیا تھا۔غلط معلومات کے پھیلاؤ میں اس پلیٹ فارم کے ممکنہ کردار کے بارے میں جیک کو کئی بار ٹی وی پر نشر کی جانے والی انکوائریوں میں امریکی سیاست دانوں کے روبرو دیکھا گیا۔ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے طرح ٹوئٹر پر بھی امریکہ میں سیاسی جانبداری کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ٹوئٹر کے حصص کی ایک قابل ذکر رقم کی مالک سرمایہ کاری کی کمپنی ’ایلیوٹ‘ نے سنہ 2020 میں ڈورسی سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا تھا۔کہا جاتا ہے کہ اس فرم نے مبینہ طور پر یہ محسوس کیا کہ ٹوئٹر کے لیے ایک ایسے چیف ایگزیکٹو کی ضرورت ہے جس کی تمام تر توجہ صرف اسی پر ہی ہو لیکن گزشتہ سال کے آخر میں فریقین کے درمیان ایک معاہدے کے بعد ڈورسی اپنے عہدے پر قائم رہے تھے۔ٹوئٹر کی لیڈرشپ میں تبدیلی بورڈ میں کئی دیگر تبدیلیوں کے ساتھ آتی ہے، جیسے ٹوئٹر بورڈ کے رکن اور ماضی میں ’گوگل‘ اور ’سیلز فورس‘ میں کام کرنے والے بریٹ ٹیلر کو نیا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔بریٹ ٹیلر نے کہا ہے کہ ’میں عمدہ قیادت اور مسلسل لگن پر جیک کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔’جیک ٹوئٹر میں واپس آئے اور کمپنی کو انتہائی مشکل وقت میں سنبھالا۔ تب سے کمپنی کی ترقی بہترین رہی ہے۔‘انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’جیک نے دنیا کو ایک انتہائی اہم چیز دی اور ہم اس کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔‘
’بھئی ہمارا اکاؤنٹ تو بحال کر جاؤ‘:جیک ڈورسی کے اس اعلان کے بعد ٹوئٹر پر بہت سے صارفین نے ڈیجیٹل دنیا میں ان کی خدمات کو سراہا۔امریکہ کی کاروباری شخصیت پیٹرک ڈیوڈ نے لکھا: ’یہ کوئی آسان کام نہیں تھا۔ میرے خیال میں یہ کہنا درست ہو گا کہ آپ نے ایک ایسی کمپنی بنائی جس نے دنیا کو بدل کر رکھ دیا۔‘انھوں نے مزید لکھا: ’ہم اس بات کے منتظر ہیں کہ آپ کے اگلے پانچ اقدام کیا ہوں گے۔‘انڈین مصنفہ سنجوکتا باسو نے لکھا: ’آپ کے وقت کا شکریہ۔ آپ نے بہت اچھا کام کیا۔ ایک عہد کا خاتمہ ہوا۔‘لیکن کچھ صارف ایسے بھی تھے، جنھوں نے جیک ڈورسی سے کہا کہ جانے سے پہلے وہ ان کے معطل شدہ اکاؤنٹ بحال کر دیں۔

 

Related Articles