کرنل سنتوش بابو مہاویر چکر اور صوبے دار سنجیو کو کیرتی چکر سے نوازا گیا
نئی دہلی، نومبر۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے جان کی بازی لگاکر مادر وطن کی حفاظت کرنے والے جانبازوں کو آج ایک دفاعی تقریب میں بہادری کے انعامات سے نوازا ،جن میں گلوان وادی میں جوہر دکھانے والے کرنل سنتوش بابو کو مہاویر چکر،صوبے دار سنجیو کمار کو کیرتی چکر،پانچ سورماؤں کو ویر چکر اور چھ جانبازوں کو شوریہ چکر سے نوازا گیا۔مسٹر کووند نے منگل کو راشٹرپتی بھون میں منعقد دفاعی تقریب کے دوران یہ ایوارڈ دئے۔ بہادری کے ایوارڈ پانے والے مادر وطن کے بیٹوں میں سے سات کو یہ اعزاز بعد از مرگ دیا گیا ہے۔ ڈیفنس ڈیکوریشن تقریب میں کئی دیگر فوجی افسران کو بھی نمایاں خدمات پر اعزازات سے نوازا گیا۔ ان ایوارڈ کا اعلان پہلے ہی کر دیا گیا تھا لیکن صدر جمہوریہ نے آج ان ایوارڈز کو عہدیداروں کو پیش کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور کئی معززین بھی موجود تھے۔آرمی کی بہار رجمنٹ کے کرنل بابو نے مشرقی لداخ کی وادی گالوان میں چینی فوجیوں کے ساتھ پرتشدد تصادم کے دوران ہنرمند قیادت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مادر وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہیں بعد از مرگ مہا ویر چکر سے نوازا گیا۔ ان کی اہلیہ اور والدہ نے یہ اعزاز حاصل کیا۔ فوج کی پیرا شوٹ رجمنٹ (اسپیشل فورسز) کے صوبیدار سنجیو کمار نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک اور دوسرے کو زخمی کر دیا۔ انہوں نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہیں بعد از مرگ کیرتی چکر سے نوازا گیا۔ ان کی اہلیہ نے یہ اعزاز حاصل کیا۔ بہار رجمنٹ کے نائب صوبیدار نادورام سورین نے بھی دشمن سے لڑتے ہوئے اپنی جان دے دی، جس کے لیے انہیں بعد از مرگ ویر چکر سے نوازا گیا۔ ان کی اہلیہ نے یہ اعزاز حاصل کیا۔ فوج کی 81 فیلڈ رجمنٹ کے حولدار کے پالانی کو بھی بعد از مرگ ویر چکر سے نوازا گیا۔ ان کی اہلیہ نے یہ اعزاز حاصل کیا۔ بہار رجمنٹ کے نائیک دیپک سنگھ کو بھی بعد از مرگ ویر چکر سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز ان کی اہلیہ کو دیا گیا۔ پنجاب رجمنٹ کے سپاہی گرتیج سنگھ کو ان کی بے مثال ہمت اور بہادری کے لیے مرنے کے بعد ویر چکر سے نوازا گیا۔ ان کے والدین نے یہ اعزاز حاصل کیا۔ راشٹریہ رائفلز کے بہادر میجر انوج سود کو بھی دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے اپنی موت تک مادر وطن کا دفاع کرنے پر شوریہ چکر سے نوازا گیا۔ ان کی اہلیہ نے یہ اعزاز حاصل کیا۔ آرمی کی 3 میڈیم رجمنٹ کے حولدار تیجندر سنگھ کو ویر چکر، پیرا شوٹ رجمنٹ کے لیفٹیننٹ کرنل کرشنا سنگھ راوت، مراٹھا لائٹ انفنٹری کے میجر انیل ارس، آسام رائفلز کے رائفل مین پرنو جیوتی داس، پیرا شوٹ رجمنٹ کے سونم شیرنگ تمانگ اور ایئر کے پائلٹ ونگ کو کمانڈر وساک نائر کو شوریہ چکر سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ 16 فوجی افسران کو پرم وششٹ سیوا میڈل، دو کو اتم یودھ سیوا میڈل اور 25 کو اتی وششٹ سیوا میڈل سے نوازا گیا۔