کووڈ ویکسینیشن کے لیے ایک جارحانہ مہم شروع کی جائے: مانڈویہ
نئی دہلی، نومبر۔ صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر منسکھ مانڈویہ نے اوسط سے کم کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ریاستوں میگھالیہ، ناگالینڈ، پڈوچیری اور منی پور سے کہا ہے کہ وہ کووڈ ویکسین کے ویکسی نیشن کے لیے جارحانہ مہم شروع کریں۔ پیر کو یہاں کووڈ ویکسینیشن مہم کی جائزہ میٹنگ میں جناب مانڈویہ نے کہا کہ کووڈ ویکسینیشن مہم اپنے آخری مراحل میں ہے۔ اس میں تیزی لانے اور مکمل حفاظتی ٹیکوں کو یقینی بنانے کے لیے ایک جارحانہ مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ میٹنگ میں منی پور، میگھالیہ، ناگالینڈ اور پڈوچیری کے ہیلتھ سکریٹریز اور محکمہ صحت کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ ملک میں کووڈ کی پہلی ویکسین 82 فیصد اہل آبادی کو اور دوسری ویکسین 43 فیصد اہل آبادی کو دی گئی ہے۔ ان ریاستوں میں ویکسینیشن قومی اوسط سے کم ہے۔ یہ مرکز کے زیر انتظام علاقے پڈوچیری میں 66 فیصد اور 39 فیصد، ناگالینڈ میں 49 فیصد اور 36 فیصد، میگھالیہ میں 57 فیصد اور 38 فیصد اور منی پور میں 54 فیصد اور 36 فیصد ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ کووڈ وبائی مرض کے خلاف جنگ میں ویکسینیشن سب سے طاقتور ہتھیار ہے۔ اس لیے تمام اہل افراد کو کووڈ ویکسینیشن کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کے تمام عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ ہفتہ میں ایک بار لوگوں کو ٹیکہ لگانے کے لئے ترغیب دیں۔ انہوں نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ بات چیت کی تاکہ کووڈ ویکسینیشن کی ہر گھر دستک مہم کے بڑے پیمانے پر توسیع میں رکاوٹ پیدا کرنے کی مخصوص وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔