سعودی عرب عراق کی سلامتی اور استحکام کا خواہاں ہے: محمد بن سلمان
ریاض،نومبر۔سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کے روز کہا ہے کہ سعودی عرب عراق کی سلامتی اور استحکام کا خواہاں ہے۔شہزادہ محمد بن سلمان نے عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی کے ساتھ ایک کال کے دوران چیلنجز کا سامنا کرنے میں عراق اور اس کے عوام کے ساتھ سعودی عرب کی یکجہتی کا اظہار کیا۔سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی ’ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد نے الکاظمی سے بات کرتے ہوئے ان پر ہونے والے ڈرون حملے کی شدید مذمت کی۔فون کے دوران سعودی ولی عہد نے بزدلانہ دہشت گردی کے واقعے کے بعد عراقی وزیر اعظم کی خیریت بھی دریافت کی اور ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔دوسری طرف عراقی وزیر اعظم نے سعودی عرب کے ولی عہد کی طرف سے خیر سگالی پر مبنی برادرانہ جذبات کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد ے جذبات دونوں برادر ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کی عکاسی کرتے ہیں۔خیال رہے کہ اتوار کو فجر کے وقت 3 ڈرونز نے فول پروف سیکیورٹی والے بغداد کے گرین زون میں وزیر اعظم کے گھر کو نشانہ بنایا تاہم وہ محفوظ رہے تھے۔ گرین زون میں غیر ملکی سفارت خانے اور قونصل خانوں کے علاوہ سرکاری اداروں کے دفاتر ہیں۔