آریان خان کو ارباز مرچنٹ سے بات چیت کرنے کی اجازت کیوں نہیں؟
ممبئی،نومبر۔ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں ضمانت پر رہا ہونے والے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو اْن کے دوست ارباز مرچنٹ سے کسی بھی قسم کا کوئی رابطہ کرنے کی اجازت نہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آریان خان اور ان کے دوست ارباز مرچنٹ کو حال ہی میں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔ تاہم، ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی ضمانت کی شرائط کے مطابق ایک دوسرے سے بات چیت نہ کریں اور اس حوالے سے ارباز کے والد اسلم مرچنٹ نے کہا ہے کہ اگرچہ یہ ان کے بیٹے کے لیے مشکل ہے لیکن وہ خود کو یا آریان کو کسی مشکل میں نہیں ڈالنا چاہتے۔خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ارباز کے والد اسلم نے کہا کہ ’ضمانت کی شرائط کے مطابق آریان خان اور ارباز کو ایک دوسرے سے رابطہ کرنے کی اجازت نہیں ہے اور دونوں اپنی بہتری کے لیے شرط پر عمل پیرا ہیں کیونکہ دونوں دوبارہ اْس جہنم میں نہیں جانا چاہتے۔‘اسلم مرچنٹ نے کہا کہ ’ارباز، آریان کا بہترین دوست ہے اور کبھی بھی ایسا کچھ نہیں کرے گا جس سے آریان کو کسی قسم کی پریشانی ہو۔ لہٰذا وہ ایک دوسرے سے دور رہیں گے۔‘واضح رہے کہ ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گزشتہ ہفتے ہی ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا، منّت پہنچنے پر شاہ رخ خان کے مداحوں نے ڈھول کی تھاپ میں آریان خان کا استقبال کیا تھا۔گزشتہ ماہ 2 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے ممبئی کروز شِپ پر چھاپہ مارا گیا تھا جہاں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو اْن کے دوستوں سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست لیا گیا تھا۔