برطانیہ کے بجٹ میں بریڈ فورڈ کیلئے 20 ملین پونڈ کا لیولنگ اپ فنڈ منظور
بریڈفورڈ،اکتوبر۔ چانسلر رشی سوناک کی جانب سے پیش گئیبرطانیہ کے بجٹ میں بریڈفورڈ کے لیے 20 ملین پونڈ کا گورنمنٹ کے لیولنگ اَپ فنڈ منظور، فنڈنگ کی بولی کامیاب ہونے کے بعد بریڈ فورڈ ویسٹ کی ایک خالی جگہ پر 20 ملین پونڈ کا نیا تفریحی اور فلاح و بہبود کا مرکز تعمیر کیا جائے گا۔ چانسلر رشی سوناک کی جانب سے بجٹ کے اعلان میں اسکوائر لین کی ترقی کے لیے فنڈنگ شامل تھی جو کہ چھ سال سے زیادہ عرصے سے منصوبہ بندی کے مراحل میں ہے، یہ رقم گورنمنٹ کے لیولنگ اَپ فنڈ سے آئے گی جو یوکے میں ہر حلقے کو 20 ملین پونڈ تک کی بولی لگانے کی اجازت دیتا ہے تاکہ مقامی کمیونٹیز کو فائدہ پہنچے۔بریڈ فورڈ ویسٹ کی بولی رکے ہوئے اسکوائر لین لیڑرسینٹر کے منصوبے کو شروع کرنے کے لیے تھی اور اسے بریڈ فورڈ ویسٹ کی ایم پی ناز شاہ اور بریڈ فورڈ کونسل کی شراکت داری نے آگے بڑھایا۔ ناز شاہ نے کہا کہ اس ترقی سے علاقے کے لوگوں کی زندگیوں میں بڑا فرق آئے گا۔ بریڈ فورڈ رائل انفرمری کے قریب خالی جگہ پر ایک سوئمنگ پول بنانے کا منصوبہ چھ سال پرانا ہے لیکن بجٹ کے مسائل کی وجہ سے 10 ملین پونڈ کی اس اسکیم پر کام کبھی شروع نہیں ہوااب بجٹ میں حکومت نے اعلان کیا ہے کہ یہ اسکیم یارکشائر اور ہمبر کے 10 میں سے ایک ہے جو لیولنگ اَپ فنڈ سے187 ملین شیئر کرے گی، اس میں تفریح، بشمول ایک نیا پول، صحت سے متعلق سہولیات اور انٹرپرائز، مہارتوں اور کمیونٹی کی مصروفیت کو فروغ دینے کی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ بریڈ فورڈ کونسل نے پہلے کہا تھا کہ اگر فنڈنگ دستیاب ہوئی تو سنٹر 2025 تک کھل جائے گا۔ ضلع کے دیگر چار حلقوں کے لیے بولیاں مستقبل کے فنڈنگ راؤنڈ میں لگائی جائیں گی ،بریڈ فورڈ ویسٹ کی ایم پی ناز شاہ نے کہا میں کونسل کی جانب سے اس بولی کے لیے کیے گئے تمام کاموں کے لیے شکرگزار ہوں، یہ فنڈنگ میرے حلقے میں آنے پر خوشی ہوئی ہے جو لوگوں کی زندگیوں میں بڑا فرق لائے گی، کوویڈ کے بعد اس طرح کی سہولت کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے، اس پروجیکٹ کے لیے فنڈنگ ایک ایسی چیز ہے جو طویل عرصے سے واجب الادا تھی، ہم کئی برس سے اس کے بارے میں بات کر رہے ہیں، فنڈنگ کی منظوری کا مقامی کونسلرز نے بھی خیر مقدم کیا۔کونسلر کامران حسین، چیئر آف ری جنریشن اینڈ انوائرنمنٹ اوور ویو اسکروٹنی کمیٹی اور مقامی ٹولر وارڈ کونسلر نے کہا کہ کئی برس کی طویل مہم کے بعد اسکوائر لین میں ایک نئے فلاح و بہبود اور انٹرپرائز سنٹر کے لیے فنڈز کی فراہمی کے لیے جدوجہد کرنے کے بعد مجھے خوشی ہے کہ بولی لگائی گئی۔ بریڈ فورڈ کونسل کی طرف سے وضع کردہ اور جمع کرایا گیا، اور میں نے اور میرے ٹولر وارڈ کے ساتھیوں کی طرف سے لیولنگ اَپ فنڈ کے پہلے راؤنڈ میں کامیاب رہا ہے، وہ کمیونٹیز جن کی اس نئی سہولت کے ذریعے خدمت کی جائے گی جسے درحقیقت بریڈ فورڈ کونسل نے کئی سال پہلے منظور کیا تھا لیکن گزشتہ دہائی کے دوران اس ٹوری حکومت کی جانب سے فنڈنگ سے محروم رکھا گیا تھا ،ٹالر وارڈ کے لیبر پارٹی کے کونسلر ارشد حسین نے کہا کہ میں واقعی بہت پْرجوش ہوں کہ اب اس کو آگے بڑھا دیا گیا ہے، یہ مقامی علاقے میں ایک بہت زیادہ ضرورت کی سہولت ہے جس سے مقامی باشندوں کو بہت فائدہ ہوگا میں نے اپنے موجودہ اور سابق وارڈ ساتھیوں کے ساتھ بہت محنت کی ہے جس میں عمران حسین ایم پی بھی شامل ہیں جو پہلے ٹولر وارڈ کے کونسلر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔کونسلر فوزیہ شاہین جو اسی وارڈ کی کونسلر بھی ہیں، نے کہاکہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ ہم تفریحی مرکز کے لیے فنڈنگ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں، ٹولر ایک ایسا علاقہ ہے جو سب سے زیادہ محرومیوں کا شکار رہا ہے ،نئی فنڈنگ اور پروجیکٹ اس وارڈ کے لیے ایک شاندارمنصوبہ اور بریڈ فورڈ ڈسٹرکٹ کے لیے ایک بہت بڑا اثاثہ ہے جس سے صحت اور تفریحی سہولیات سے استفادہ کیا جا سکے گا۔ بریڈفورڈ کونسل لیڈر کونسلر سوزن ہنچکلف اور کونسلر سارہ فیریبی نے بھی فنڈنگ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ضلع میں سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جس سے ڈسٹرکٹ بریڈفورڈ میں خوشحالی آئے گی، آئندہ بھی ہم شراکت داروں کے ساتھ مل کر لیولنگ اَپ فنڈ میں مزید بولیاں جمع کرائیں گے جیسے ہی مستقبل کے راؤنڈز کا اعلان کیا جائے گا۔