اتراکھنڈ کے چکراتا میں بھیانک سڑک حادثہ ، 13 افراد ہلاک، دو زخمی
دہرادون، اکتوبر۔اتراکھنڈ کے ضلع دہرادون کے چکراتا تحصیل کے بائلا گاوں میں اتوار کی صبح مسافروں سے بھری گاڑی کے گہری کھائی میں گرنے سے 13 مسافروں کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ دیگر دو شدید طور پر زخمی ہیں ۔مرنے والوں میں ایک شخص ہماچل پردیش کا ہے اور اس حادثہ میں میاں بیوی اور ان کی بیٹی کی بھی موت ہوگئی ہے۔ریاستی ڈیزاسٹر ریلیف فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ترجمان للیتا داس نیگی نے یو این آئی کو بتایا کہ آج صبح تقریباً 08:15 بجے پولیس اسٹیشن چکراتا کے تحت تیونی روڈ پر واقع گاوں بائیلا کے قریب ایک بیلیرو گاڑی گہری کھائی میں گر گئی۔ مذکورہ اطلاع پر چکراتا تھانہ کی پولیس فورس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور راحت اور بچاؤ کا کام شروع کردیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں کل 15 مسافر سوار تھے جن میں سے 13 کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ دو زخمیوں کو نکال کر علاج کے لیے قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔محترمہ نیگی نے بتایا کہ یہ گاڑی صبح 8:00 بجے گاؤں بائیلا سے وکاس نگر کے لیے روانہ ہوئی تھی اور گاؤں سے تقریباً 100 میٹر کے فاصلے پر گاڑی بے قابو ہوکر گہری کھائی میں گر گئی۔ حادثے کی وجہ کی جانچ کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ماتبر سنگھ (48)، ریکھا چوہان (30)، تانیہ ، (11)، ایشا چوہان ، (18)، کاجل ، ( 15) جے پال سنگھ (40)، سادھو رام (60)، انجلی، (13)، دان سنگھ، (60)، رتن سنگھ (50) ، نریندر سنگھ، (35) تمام ساکن گاؤں بائیلا، چکراتا (دہرادون) جیتو رام : گاؤں ملیتھا چکراتا (34) اور ہری رام : گاؤں کھڑکا سرمور (ہماچل پردیش) (52) کی بھی موقع پر موت ہوگئی۔ترجمان نے بتایا کہ اس کے علاوہ ریتک گاوں بائیلا چکراتا(06) اور گجیندر تومر گاؤں پتھوا چکراتا (29) کو تشویشناک حالت میں چکراتاکمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کابینی وزیر گنیش جوشی، ریاستی حکومت کے نمائندے کے طور پر موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اپوزیشن لیڈر پریتم سنگھ اور محکمہ ریونیو اور پولیس کے افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ مقتولین کی لاشیں موقع پر ہی پوسٹ مارٹم کے بعد اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی ہیں۔