شاہ کا سردارپٹیل کو خراج عقیدت

نئی دہلی، اکتوبر۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کو ان کی سالگرہ (جینتی) کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی ہر ہندوستانی کو ملک کے اتحاد اور سالمیت کے لیے خود کو وقف کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔اتوار کی صبح، گجرات کے کیوڑیہ میں سردار پٹیل کے مجسمہ کے مقام پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرنے سے پہلے، مسٹر شاہ نے ٹویٹ کیا، ’سردار صاحب کی لگن، وفاداری، جدوجہد اور مادر وطن کے لیے قربانی ملک کے اتحاد اور سالمیت کے لیے خود کو وقف کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ متحدہ ہندوستان کے ایسے عظیم معمار کی سالگرہ پر، ان کے قدموں میں خراج عقیدت اور ملک کے تمام شہریوں کو ’قومی یوم اتحاد‘ کی مبارکباد‘۔ایک دیگر ٹویٹ میں انہوں نے کہا،’سردار پٹیل کی زندگی ہمیں بتاتی ہے کہ کس طرح ایک شخص اپنی مضبوط قوت ارادی، آہنی قیادت اور بے مثال حب الوطنی کے ساتھ ملک کے اندر موجود تمام تنوع کو اتحاد میں بدل کر ایک متحد قوم کی شکل دے سکتا ہے۔ ملک کے انضمام کے ساتھ ساتھ سردار صاحب نے آزاد ہندوستان کی انتظامی بنیاد رکھنے کا کام بھی کیا‘۔قابل ذکر ہے کہ مسٹر شاہ کیوڑیہ میں سردار پٹیل کی یوم پیدائش یعنی ’قومی یومِ اتحاد‘ پر منعقد پروگرام سے خطاب کریں گے۔ اس پروگرام میں غیر ملکی دورے پر گئے وزیر اعظم نریندر مودی کا ایک ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغام بھی سنایا جائے گا ۔ملک کی آزادی کے امرت مہوتسو (75 سال مکمل ہونے) کے تحت سنٹرل پولیس فورس کے 101 موٹر سائیکل سوار بھی 9000 کلومیٹر سے زیادہ کا سفر مکمل کرنے کے بعد کیوڑیہ پہنچیں گے۔یہ موٹر سائیکل دستہ تریپورہ، تمل ناڈو، جموں و کشمیر اور دیگر کئی ریاستوں سے ہوتا ہوا گجرات پہنچے گا۔اولمپک گیمز، ایشین گیمز اور کامن ویلتھ گیمز میں میڈل جیتنے والے 23 کھلاڑی بھی اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔

Related Articles