سرسبز جنگلوں اورسدا بہار بہتی ندی کی وادی سیاحوں کی توجہ کو مرکز
ریاض،اکتوبر۔سعودی عرب کی مشہور سرسبز،ندی اور سدا بہار بہتے چشموں کی وادیوں میں ایک ’وادی لومہ الحلی‘ کہلاتی ہے۔یہ وادی اپنے سرسبزجادوئی جنگلات، ڈھلوان کی طرف تیزی سے بہتے پانی، قدرتی مقامات اور اپنے دلفریب جغرافیائی محل وقوع کے اعتبار سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہتی ہے۔ایک مقامی فوٹو گرافر علی الشدوی نے ’وادی لومہ الحلی‘ کے دلفریب مناظر کی فوٹو گرافی کی ہے اور ان کی لی گئی تصاویر کے کچھ نمونیالعربیہ ڈاٹ نیٹ پر بھی پیش کیے گئے ہیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے علی شدوی نے بتایا کہ لومہ الحلی اپنے بہترین موسم ،سبز جنگلات، پانی، مقامی اور مہاجر پرندوں اور سدا بہاربہتی ندی کی وجہ سے اپنی ایک خاص پہچان رکھتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وادی لومہ الحلی کے مناظر دیکھنے والوں کا دل مو لیتے ہیں۔ یہ سعودی عرب کی بڑی سبز وادیوں میں شمار کی جاتی ہے۔ اس وادی میں گھنے جنگلات ہیں جن میں کئی اقسام کے درخت موجود ہیں۔ یہ درخت سال بھر ہرے رہتے ہیں۔ اس کی ایک خاص بات وہاں پر سال بھر جاری رہنے والی ندی ہے۔ایک سوال کے جواب میں سعودی فوٹو گرافر نے کہا کہ اس وادی کے ایک سے زاید نام ہیں۔ پرانے دور میں اسے وادی الومہ یا وادی تلومہ بھی کہتے تھے۔ یہ وادی مشرقی الباحہ سے شروع ہو کرالزناد گورنری کے پہاڑوں تک پھیلی ہوئی ہے۔ درمیان میں ایک ندی بہتی ہے جب کہ اطراف میں گھنے جنگلات اور فارم ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیاحوں کے لیے یہ ایک کھلی سیرگاہ ہے جہاں سیاحوں کو ایک ہی وقت میں قدرت کے بہت سے حسین نظارے دیکھنے کو ملتے ہیں۔تاریخ مصادر سے پتا چلتا ہے کہ وادی لومہ ایک تاریخی مقام ہے جو کنانہ قبیلے کی بنی حرام وادیوں میں سے ایک ہے۔ مورخ علی العلوی کا کہنا ہے کہ یہ وادی چھٹی صدی ھجری کے دور میں کنانہ کی بنی حرام وادیوں میں سے ایک تھی جس کے قریب حلی کا علاقہ ہے جو یمن کی سرحد سے ملتا ہے۔