سیلا سرنگ سیکورٹی کے ساتھ ساتھ اروناچل پردیش کی لائف لائن بنے گی:راجناتھ

نئی دہلی , اکتوبر ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ اروناچل پردیش میں بننے والی سیلا سرنگ قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ علاقے کی سماجی و اقتصادی حالت کو مضبوط کرے گی اور آنے والے وقت میں توانگ سمیت پوری ریاست کی لائف لائن ثابت ہوگی۔ مسٹر سنگھ نے جمعرات کے روز بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے زیر اہتمام یہاں نیشنل وار میموریل میں منعقدہ ایک پروگرام میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اروناچل پردیش کے مغربی کامینگ ضلع میں تعمیر کی جانے والی اسٹریٹجک لحاظ سے اہم سرنگ سیلاکے آخری مرحلے کے کام کا دھماکہ کرکےافتتاح کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے آزادی کے 75 ویں سال کے موقع پر منائے جارہے آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت بارڈر روڈز آرگنائزیشن، آرمی اور جی آر ای ایف کی موٹرسائیکل مہم کو بھی ہری جھنڈی دکھاکر نیشنل وارمیموریل سے روانہ کیا۔ یہ مہم 75 دنوں میں 20 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔اس موقع پر بارڈر روڈز آرگنائزیشن کی ڈیوٹی اور انتھک محنت کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ آپ کے ملک کی سلامتی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے تئیں عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا ، ہمارے بی آر او کے جوان، سردی، گرمی، برسات اور برف باری کا سامنا کرتے ہوئے فوجی اور شہری مقاصد کے لیے سڑکیں اور پل بناتے ہیں۔ گزشتہ چند سالوں میں بی آر او نے ایسی حصولیابیاں حاصل کی ہیں، جو پوری دنیا کے لیے مطالعہ کا موضوع بن چکی ہیں۔ سیلا سرنگ کی اسٹریٹجک اور سماجی و اقتصادی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا، ’’یہ ٹنل قومی سلامتی کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ، یہاں کےشہریوں کی ٹرانسپورٹ سہولت میں بڑی تبدیلی لا کر یہاں کی سماجی و اقتصادی حالت کو مضبوط بنانے کا کام کرے گی۔ یہ سیلا سرنگ آنے والے وقتوں میں توانگ سمیت پورے اروناچل پردیش کی لائف لائن ثابت ہوگی۔ اس سرنگ کو استعمال کرنے والے مسافر ، چاہے وہ ہماری افواج کے سپاہی ہوں یا عام شہری ، اس راستے میں آنے والے بہت سے خطرات سے بچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بی آر اوکی تمام کوششوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہی ہے اور آگے بھی کرتی رہے گی۔

Related Articles