کانگریس کے ٹکٹ کے لئے امداری رقم ادا کرنے کی شرط

لکھنؤ:ستمبر, اترپردیش میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے ٹکٹ کی چاہت رکھنے والوں سے 11ہزار روپئے کی امدادی رقم کا چیک لینے کا فیصلہ کیا ہے۔پارٹی کی دلیل ہے کہ اس قدم سے ٹکٹ کے لئے درخواست فارم کی بھیڑ کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی اور صرف وہی لوگ ہی درخواست دیں گے جو ملک کی سب سے پرانی پارٹی کا ٹکٹ حاصل کرنے کے لئے سنجیدہ ہیں۔پارٹی نے اس سلسلے میں باضابطہ ایک سرکولر جاری کیا ہے جس میں ریاستی صدر اجئے کمار للو کے دستخط ہیں۔ درخواست فارم کے ساتھ جاری سرکولر میں امیدوار کا نام مع پتہ کے علاوہ اس کی تعلیمی لیاقت،اسلحہ کے لائسنس کی تفصیل سمیت کئی جانکاریاں مانگی گئی ہیں۔ درخواست فارم کے ذریعہ امیدواروں کی مجرمانہ شبیہ کی تفصیلات بھی یکجا کی جائیں گی۔درخواست فارم جمع کرنے کے لئے ضلع و شہر کانگریس کمیٹی کے صدور اور ریاستی سطح پر ریاستی کانگریس کمیٹی کے عوامی شکایت سیل کے سکریٹری سنجے شرما اور لکھنو کے سابق ضلع صدر وجئے بہادر کو اس کا مجاز کیا گیا ہے۔ درخواست فارم 11ہزار روپئے کی امدادی رقم کے چیک کے ساتھ ان عہدیداروں کے ساتھ جمع کئے جاسکیں گے۔ اس رقم کو پارٹی ریاستی صدر کے کرنٹ اکاونٹ میں جمع کیا جائے گا۔درخواست فارم کی آخری تاریخ 25ستمبر طے کی گئی ہے۔

Related Articles