لبنان کے نو منتخب وزیر اعظم نے کابینہ تشکیل دینے میں ناکام رہنے پر استعفیٰ دے دیا
بیروت ، لبنان کے نومنتخب وزیر اعظم مصطفی ادیب نے نئی کابینہ تشکیل دینے میں ناکام رہنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفی دینے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ میں ہفتہ کے روز بتایا گیا کہ مسٹر ادیب نے صدر میشل عون کے ساتھ اپنی میٹنگ کے بعد کہا ’’ میرے لئے یہ واضح ہوگیا ہے کہ کابینہ کی تشکیل کے لئے رضامندی قائم نہیں ہونے والی ہے کیونکہ اس سلسلے میں آخری مرحلہ کی کوششیں کر لی گئی ہیں ‘‘۔
مسٹر ادیب نے تاہم لبنان میں سیاسی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے فرانسیسی حکومت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا ’’ فرانسیسی صدر ایمنول میکرون کی پہل جاری رہنی چاہئے کیونکہ وہ فرانس کے ایماندارارادوں کو ظاہر کرتا ہے‘‘ ۔
واضح رہے کہ 4 اگست کو دارالحکومت بیروت میں ہوئے دھماکوں کے بعد کار گذار وزیر اعظم حسن دیاب کے کابینہ کے استعفیٰ کے بعد مسٹر ادیب کو 31 اگست کو وزیر اعظم مقرر کیا گیا تھا۔ مسٹر ادیب کی کابینہ تشکیل دینے کی کوششوں کو کئی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہوں نے عہدے سے استعفی دینے کا فیصلہ کیا۔