گوئل کاروباری سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے بات چیت کے لیے کینیڈا پہنچے

نئی دہلی، مئی۔تجارت و صنعت کے وزیر پیوش گوئل کینیڈا کے دورے پر ہیں، جہاں وہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے لیے جاری بات چیت کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔ .مسٹر گوئل کے پاس صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم اور ٹیکسٹائل کی وزارت کا چارج بھی ہے۔ وہ اس دورے کے دوران ایس آئی اے ایل کینیڈا-2023 تجارتی میلے میں انڈیا پویلین کا افتتاح کریں گے۔ یہ شمالی امریکہ کے علاقے میں زراعت اور فوڈ پروسیسنگ کی صنعت کے لیے سب سے بڑا تجارتی میلہ ہے۔پیر کو یہاں جاری کامرس اور صنعت کی وزارت کی ایک ریلیز کے مطابق مسٹر گوئل پیر کو اوٹاوا میں تجارت اور سرمایہ کاری پر ہندوستان-کینیڈا وزارتی مذاکرات کے چھٹے دور کی شریک صدارت کریں گے۔ اس میٹنگ میں میزبان ملک کی قیادت بین الاقوامی تجارت، برآمدات کے فروغ، چھوٹے کاروباری اداروں اور اقتصادی ترقی کی وزیر میری اینگ کریں گی۔ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مسٹر گوئل انڈیا-کینیڈا ایس ای پی اے(تجارتی اقتصادی شراکت داری کے معاہدے) کے لیے جاری دو طرفہ مذاکرات کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیں گے۔ مارچ 2022 میں وزارتی اجلاس کے آخری دور میں ان دونوں وزراء نے ایس ای پی اے پر بات چیت کا آغاز کیا تھا۔ ایس ای پی اے پر اب تک سات میٹنگیں ہو چکی ہیں اور پہلا مقصد ایک عبوری معاہدے تک پہنچنا ہے۔مسٹر گوئل 9-10 مئی کو ٹورنٹو میں ہوں گے اور وہاں منعقد ہونے والے متعدد پروگراموں میں شرکت کریں گے جس کا مقصد باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ وہ وہاں کینیڈا کی کچھ بڑی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای او) سے بھی ملاقات کریں گے۔ مسٹر گوئل کے ساتھ ہندوستانی کمپنیوں کے سینئر ایگزیکٹوز کی ٹیم بھی ہے۔ صنعتی ادارہ فکی اس ٹیم کی قیادت کر رہا ہے۔وہیں، ایس آئی اے ایل کینیڈا-2023 نمائش میں 50 ممالک کی 1000 سے زیادہ کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی۔ ٹریڈ پروموشن کونسل آف انڈیا (ٹی پی سی آئی)، انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (آئی ٹی پی او) اور چیمبر آف کامرس ایسوچیم کے نمائندے بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس دوران ہندوستان اور کینیڈا کے متعلقہ شعبے کی کمپنیوں کے درمیان رابطہ بڑھانے کے لیے ایک خصوصی تقریب کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ اس میں 200 کمپنیوں کی شرکت متوقع ہے۔

Related Articles