دنیا کے لئے مثالی ہوگی’یو پی فلم سٹی’:یوگی
لکھنؤ: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے فلمی دنیا کو تیقن دیا ہے کہ 50سال کی ضرورتوں کو دھیان میں رکھ کر ریاست میں فلم سٹی تعمیر کی جائے گی جو نہ صرف فلمی دنیا کی کسوٹی پر کھری اترے گی بلکہ پوری دنیا کے لئے ایک نظیر پیش کرے گی۔
جمنا۔ایکسپرے وے سیکٹر۔21 پر تقریبا ایک ہزار ایکڑ میں مجوزہ فلم سٹی کے سلسلے میں مسٹر یوگی آدتیہ ناتھ منگل کو سنیما کے معروف ہستیوں سے مخاطب تھے جس میں انوپ کھیر، پریش راول، ادت نارائن، نتین دیسائی، کیلاش کھیر، انوپ جلوٹا،اشوک پنڈت، ستیش کوشک سمیت دیگر معروف شخصیات موجود تھے۔
اس دوران وزیر اعلی نے کہا کہ اترپردیش میں ‘نامکمل’ کو کئ جگہ نہیں ہے۔ یہاں ادھورا کچھ نہیں ہوتا ہے۔ فلموں نے ہماری ہندوستانی ثقافت سے دنیا کو روشناس کرایا ہے۔ یہ سماج کا آئینہ ہے۔ ایسے میں فلم سازی کو بڑھاوا دینے اور مقامی صلاحیتیوں کو خاص کر موقع فراہم کرانے کے مقصد سے اترپردیش حکومت نے ریاست میں ماڈرن فلم سٹی اور انفوٹینمنٹ زون کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ اس ضمن میں ہماری کوششیں زیادہ ثمر آور،مفید اور پختہ بن سکیں اس کے لئے ہم نے پوری فلمی دنیا سے تجاویز طلب کی ہیں۔بات چیت کے ذریعہ ایک دوسرے کی ضروریات کو سمجھنے اور ان کی تکمیل کا موقع میسر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلمی دنیا کے لوگوں کی تجاویز اور تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے ہم عالمی فلمی دنیا کو ایک نیا متبادل دینے کے خواہاں ہیں۔