نائٹ کلب کے سامنے چھریوں کے وار سے ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی

لندن ،مئی ۔بوڈ مین میں گزشتہ روز ایک جھگڑے کے دوران چھریاں چل گئیں، چھریوں کے وار سے ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ پولیس کو اتوار کی رات مقامی وقت کے مطابق15:03بجے طلب کیا گیا، جہاں ایک 30سالہ شخص موقع پر ہی ہلاک ہوچکا تھا۔ قتل کے شبہے میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا، مزید تفتیش جاری ہے۔ مقتول کی فیملی کو آگاہ کردیا گیا ہے اور اسپیشلسٹ افسران ان کو دلاسہ دے رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسے کاسل کینک روڈ پر وکٹوریہ اسکوائر پر واقعEclipse3 نائٹ کلب کے سامنے طلب کیا گیا تھا۔ پولیس کو بتایا گیا تھا کہ ایک شخص کے ہاتھ میں چاقو ہے اور وہ مبینہ طورپر متعدد افراد کو زخمی کر چکا ہے۔ بوڈمین سے ایک 24 سالہ نوجوان کو شبہے میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ چاقو کے حملے کے نتیجے میں کم از کم 7 مرد وخواتین کو ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ گرفتار نوجوان کو پولیس کی حراست میں رکھا گیا ہے۔ تفتیشی انسپکٹر ایلونا روزن کا کہنا ہے کہ فی الوقت ہم اسے ایک شخص کے ذاتی فعل کے طورپر دیکھ رہے ہیں اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ اس واقعے میں کوئی اور تو ملوث نہیں ہے۔ یہ ایک کھلی پولیس تفتیش ہے، ہم لوگوں سے کہیں گے کہ وہ سوشل میڈیا پر کوئی قیاس آرائی کرنے سے گریز کریں۔ اگر آپ کے پاس ایسی کوئی اطلاع ہے، جس سے ہمیں مدد مل سکتی ہے تو برائے مہربانی ہم سے رابطہ کریں۔ سپرنٹنڈنٹ راب ینگ مین کا کہنا ہے کہ تفتیش ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور بوڈمین کے علاقے میں پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔ بدقسمتی سے مقامی کمیونٹی پر بہت اثر پڑتا ہے، ہماری دعائیں مقتول کی فیملی کے ساتھ ہیں۔

 

Related Articles