شیٹر اور ساودی کے پارٹی چھوڑنے کے باوجود بی جے پی شمالی کرناٹک میں حصے داری بڑھائے گی: بومئی

میسور، اپریل۔ کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی نے پیر کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سینئر لیڈروں اور سابق وزرائے اعلیٰ جگدیش شیٹر اور مسٹر لکشمن ساودی کے پارٹی چھوڑنے کے باوجود شمالی کرناٹک میں اپنی حصہ داری بڑھانے جا رہی ہے۔مسٹر بومئی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ میری باتوں پر توجہ دیں۔ پارٹی چھوڑنے سے کچھ نہیں بدلنے والا۔ ہم شمالی کرناٹک میں اپنا حصہ بڑھانے جا رہے ہیں اور ہم زبردست اکثریت کے ساتھ واپسی کریں گے۔انہوں نے نامہ نگاروں سے حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو لنگایتوں کی فکر کیوں ہے، جن کے ساتھ پچھلے 50 سالوں سے ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔ کانگریس نے وریندر پاٹل اور راج شیکھر پاٹل کے ساتھ ناروا سلوک کیا۔ انہوں نے مسٹر بنگارپا اور مسٹر دیوراج ارس کے ساتھ بھی برا سلوک کیا۔ لوگ کانگریس کی ’یوز اینڈ تھرو‘ کی سیاست سے واقف ہیں۔ کانگریس نے 50 سالوں سے نہ صرف لنگایتوں بلکہ ووکالیگا اور پسماندہ ذاتوں کو بھی نظرانداز کیا ہے۔مسٹر بومئی کے یہ تبصرے کانگریس کے سینئر لیڈر رندیپ سنگھ سرجے والا کے تبصروں کے جواب میں آئے ہیں کہ بی جے پی لنگایتوں اور ووکالیگا سمیت دیگر برادریوں کے ساتھ بھی ناانصافی کر رہی ہے۔اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر سی سی پاٹل نے کہا کہ لنگایتوں کو کانگریس کی ہمدردی کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وہ طویل عرصے سے کمیونٹی کو نظر انداز کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسٹر شیٹر معاملے کے بعد کانگریس اچانک لنگایتوں کے تئیں ہمدردی ظاہر کر رہی ہے۔ مسٹر یدیورپا، مسٹر بومئی اور مسٹر وی سومنا کس کمیونٹی سے ہیں، میں کس کمیونٹی سے تعلق رکھتا ہوں، لنگایت کو کسی کانگریس کی ہمدردی کی ضرورت نہیں ہے۔

Related Articles