بی جے پی کی واشنگ مشین میں ٹرمپ بھی صاف ہوں گے

ممبئی ، اپریل ۔ شیو سینا (ٹھاکرے دھڑے) کے ترجمان سامنا نے سی بی آئی کے یوم تاسیس کی تقریبات میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر کو نشانہ بنایا ہے۔ سامنا نے لکھا ہے کہ امریکہ میں ڈونالڈ ٹرمپ پر گرفتاری کی تلوار لٹک رہی ہے۔ مسٹر ٹرمپ بھی دہلی آکر بی جے پی میں شامل ہوں گے اور ان کے ” سوٹ بوٹ “ کو بی جے پی کی واشنگ مشین میں ڈال کر صاف کیا جائے گا۔ سامنا کے اداریے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی نے سی بی آئی سے طاقتور بدعنوانوں کے خلاف بلا خوف کارروائی کرنے کو کہا ہے۔ ملک میں اب کرپشن کے خلاف کارروائی کے لیے سیاسی عزم کی کمی نہیں ہے۔ کرپٹ شخص کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو اس کے خلاف بلا خوف کارروائی کریں۔ پی ایم مودی کی اس تقریر پر سامنا نے لکھا ہے کہ میہول چوکسی ، نیرو مودی ، اڈانی جیسے گروپوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی ہے ؟ سی بی آئی-ای ڈی پنجرے میں بند طوطا بن چکی ہے۔ مالک کے کہنے پر وہ وِٹو وِٹو اور مِٹھو مِٹھو کر رہی ہے۔شیوسینا سے ٹوٹے5 ایم پی اور 9 ایم ایل اے ایسے ہیں کہ وہ سی بی آئی اور ای ڈی کی ہٹ لسٹ میں تھے۔ اب شیو سینا چھوڑنے کے فوراً بعد سی بی آئی ، ای ڈی نے انہیں بی جے پی کی واشنگ مشین میں ڈال کر بالکل صاف کر دیا ہے۔ جب تک بی جے پی کے پاس کرپشن دھونے کی واشنگ مشین ہے، تب تک بہتر ہے کہ وزیر اعظم کی بدعنوانی وغیرہ کو ختم کرنے کی زبان استعمال نہ کی جائے۔ اس سے انہی کی ہنسی ہو رہی ہے۔ سامنا کے مطابق’ گزشتہ سات آٹھ سالوں میں سی بی آئی-ای ڈی جیسی ایجنسیوں کی ساکھ داغدار ہوئی ہے اور ان ایجنسیوں کو صاف کرنے والی واشنگ مشین بننی ابھی باقی ہے۔ مودی کی تقریر نے اڈانی جیسے بی جے پی حلقے کا اعتماد بڑھایا ہوگا۔ کارروائیوں اور گرفتاریوں سے بچنے کے لیے کرپٹ حلقہ بی جے پی میں داخل ہوگیا،اس کی مودی جی کوخوشی ہوتی ہوگی تو یہ ان کا سوال ہے۔ سی بی آئی ، ای ڈی صرف کپڑے سوکھا کر کڑک استری کرنے کا کام کریں۔ مودی جی کا بالکل یہی کہنا تھا۔ پیغام واضح ہے۔ بدعنوان صرف بی جے پی میں رہیں گے اور انہیں پناہ ملے گی۔

Related Articles