روس امریکہ میں کسی بھی حکومت کے ساتھ تعاون کرے گا: سیرگئی لاوروف

ماسکو،  روس کے وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے کہا کہ روس امریکہ کے اندر کسی بھی حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہے، لیکن الٹی میٹم کا کوئی معاملہ نہیں ہونا چاہئے۔
امریکہ میں ہونے والے صدارتی انتخابات کا ذکر کیے جانے پر مسٹر لاوروف نے کہا کہ "یقینا ہم کسی بھی ملک کی منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور یہی بات امریکہ پر بھی لاگو ہوگی۔ لیکن ہم ان کےساتھ صرف ان تمام امور پر تبادلہ خیال کریں گے جن میں امریکہ مساوات، باہمی فائدے اور توازن کی بنیاد پر دلچسپی رکھتا ہے۔ ہمیں الٹی میٹم دینے کا کوئی معنی نہیں ہے۔ جو لوگ ابھی تک یہ نہیں سمجھ سکے ہیں وہ نا مناسب رہنما ہیں”۔
روسی وزیر خارجہ کے مطابق امریکہ کے داخلی معاملات میں مبینہ روسی مداخلت امریکی صدارتی عہدے کے لئے امیدواروں کے مابین آئندہ ہونے والی بحث میں تبادلہ خیال کیے جانے والے کلیدی امور میں سے ایک ہوگی۔
واضح رہے کہ ریاستہائے متحدہ امریکہ میں آئندہ 3 نومبر کو صدارتی انتخابات ہونے جارہے ہيں۔ موجودہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ اپنی دوسری میعاد کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگائے ہوئے ہیں، لیکن ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جوئے بائیڈن سے انہيں سخت مقابلے کا سامنا ہے۔
امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے روس، چین اور ایران پر 2020 کے انتخابات میں مداخلت کا الزام عائد کیا ہے۔ تاہم، روس نے ان الزامات کی صاف تردید کی ہے۔

Related Articles