رمضان کی آمد، شاہ سلمان ریلیف مرکز 19 ہزار ٹن کھجوریں 72 ممالک میں تقسیم کرے گا

ریاض،مارچ۔سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان کے مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے برادر اور دوست ممالک کے لیے رمضان کی آمد پر کھجوروں کی تقسیم کے پروگرام کا آغاز کیا ہے، اس دوران چار براعظموں کے 72 ملکوں کو 19 ہزار ٹن سے زیادہ کھجوروں کا تحفہ دیا جائے گا۔سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مطابق شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے دارالحکومت ریاض میں ’کھجور تحفہ پروگرام‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک گزشتہ برسوں کے دوران عالمی سطح پر انسانیت نواز امداد فراہم کرنے والے پانچ بڑے ملکوں میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ذرائع نے اس کی تصدیق کی ہے جبکہ گزشتہ برس سعودی عرب بین الاقوامی ترقیاتی امداد فراہم کرنے والوں میں سرفہرست رہا۔ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے کہا کہ کھجوروں کے تحفے کا پروگرام مملکت کے نخلستانوں کی کامیابی، برادر اور دوست ممالک کے ساتھ محبت کی علامت ہے، چار براعظموں کے 72 ملکوں کو 19 ہزار ٹن سے زیادہ کھجوروں کا تحفہ دیا جائے گا، ان ممالک کا تعلق ایشیا، افریقا، جنوبی امریکا اور یورپ سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چار ہزار ٹن کھجوریں عالمی خوراک پروگرام کے توسط سے تقسیم کی جائیں گی جن کی مجموعی لاگت 136 ملین ریال ہے، اس سے سالانہ 14 ملین افراد کو فائدہ ہوگا۔

 

 

Related Articles