’پٹھان‘ سب سے زیادہ کمانے والی دوسری بولی وڈ فلم بن گئی

ممبئی،مارچ۔انتہاپسند ہندوؤں کے تنازعات اور احتجاج کے باوجود بولی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ دو ماہ کے دوران ریکارڈ ایک ہزار کروڑ روپے سے زائد کمائی کرنے والی اب تک کی دوسری بولی وڈ فلم بن گئی۔ریکارڈ کمائی کے بعد شاہ رخ خان کی فلم نے عامر خان کی ’پی کے اور سیکریٹ سپر اسٹار‘ سلمان خان کی ’سلطان اور بجرنگی بھائی جان‘ جب کہ رنبیر کپور کی ’سنجو‘ کو بھی کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا۔ اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق ’پٹھان‘ نے 8 مارچ تک دنیا بھر سے مجموعی طور پر ایک ہزار 43 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی، جس کے بعد ان کی فلم اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی دوسری فلم بن گئی۔شاہ رخ خان کی یہ پہلی فلم ہے، جس نے ان کے 30 سالہ کیریئر میں ریکارڈ کمائی کی ہے جب کہ یہ دپیکا پڈوکون اور جان ابراہم کی بھی سب سے زیادہ کمانے والی پہلی فلم بن گئی۔’پٹھان‘ سے کمائی کے لحاظ سے اب صرف عامر خان کی فلم ’دنگل‘ آگے ہے، جسے 2016 میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس کی اب تک کی کمائی 1968 کروڑ روپے ہے، یعنی اس فلم کی کمائی ’پٹھان‘ سے تقریبا دگنی ہے۔تاہم ’دنگل‘ کی کمائی سات سال کی ہے جب کہ ’پٹھان‘ کی کمائی محض 43 دن کی ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ اگلے دو ماہ میں شاہ رخ خان کی فلم پہلے نمبر پر آ جائے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔’پٹھان‘ کی کامیابی کے بعد اب شاہ رخ خان ممکنہ طور پر آئندہ سال بھی بڑے پردے پر ایکشن بکھیرتے دکھائی دیں گے اور ان پر ناکام فلمیں دینے کی وجہ سے ہونے والی تنقید بھی ختم ہو چکی ہے۔’ْپٹھان‘ کو شاہ رخ خان کے کیریئر کی اب تک کی سب سے بلاک بسٹر فلم قرار دیا جا رہا ہے، حالانکہ اس سے قبل ان کی رومانوی فلم ’دلوالے دلہنیا لیا جائیں گے‘ کو سراہا جاتا رہا ہے اور اسے ہر دور کی مقبول فلموں میں بھی شامل کیا جاتا رہا ہے۔’پٹھان‘ کو بھارت سمیت دنیا بھر کی 8 ہزار سینما اسکرینز پر 25 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا اور یہ پہلی بھارتی فلم بنی تھی، جسے اتنی زیادہ اسکرینز پر پیش کیا گیا تھا۔ فلم نے پہلے ہی دن 100 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرکے نئے ریکارڈز اپنے نام کیے تھے۔’پٹھان‘ نے ریلیز کے دوسرے دن پہلے دن سے بھی زیادہ کمائی کی اور مجموعی طور پر صرف دو دن میں فلم کی کمائی 220 کروڑ یعنی تقریباً سوا دو ارب روپے تک جا پہنچی تھی۔

Related Articles