امارات کے صدر کی یوکرینی خاتون اول سے ملاقات

ابوظبی،مارچ۔متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید آل نہیان نے منگل کو یوکرین کی خاتون اول اولینا زیلنسکا سے ملاقات کی اور جنگ زدہ ملک میں متاثرہ بچوں کے لیے 4 ملین ڈالر کی امداد کا حکم دیا ہے۔سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق، یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کی اہلیہ اور اولینا زیلنسکا فاؤنڈیشن کی چیئر وومن اولینا زیلنسکا اس ہفتے ابوظہبی میں فوربس 30/50 سمٹ میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات کا دورہ کر رہی ہیں۔شیخ محمد نے قصر البحر مجلس میں زیلنسکا کا استقبال کیا جہاں انہیں یوکرینی بحران کے انسانی اثرات بالخصوص بچوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔متحدہ عرب امارات کے صدر نے ہدایت کی کہ بحران سے متاثرہ بچوں کی دیکھ بھال کے لیے 4 ملین ڈالر مختص کیے جائیں۔ اس امداد کے ذریعے زیلنسکا فاؤنڈیشن کے ایک منصوبے ‘فیملی ٹائپ یتیم خانے’ کے تحت 100 بے گھر بچوں کے لیے 10 عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔شیخ محمد نے جاری انسانی امداد کے ذریعے یوکرین کے عوام کی حمایت کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم کا اعادہ کیا اورخطے میں سلامتی، استحکام اور قیام امن کے سیاسی حل کے لیے بین الاقوامی اور علاقائی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔زیلنسکا نے بحران کے دوران شیخ محمد کی حمایت اور انسانی ہمدردی کے ساتھ ساتھ ہمسایہ ممالک میں یوکرینی پناہ گزینوں کے لیے متحدہ عرب امارات کی جانب سے امداد کی فراہمی کا بھی شکریہ ادا کیا۔اپنے دورے کے دوران یوکرین کی خاتون اول متحدہ عرب امارات میں مقیم یوکرینی کمیونٹی سے ملاقات کریں گی۔اجلاس میں خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان اور موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کی وزیر مریم بنت محمد المہیری نے بھی شرکت کی۔

Related Articles