جالندھر میں اسپورٹس یونیورسٹی قائم کی جائے گی: بھگونت مان

موہالی، فروری۔وزیر اعلی بھگونت مان نے پنجاب کے موہالی میں جمعرات کو شروع ہوئی دو روزہ پروگریسو انویسٹرس سمٹ-2023 میں جالندھر میں ایک اسپورٹس یونیورسٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔سمٹ میں شرکت کے لیے آنے والے تاجروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے مسٹر مان نے کہا کہ پنجاب محنتی اور پانچ دریاؤں کی سرزمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت یہاں سرمایہ کاروں کو اچھا ماحول فراہم کرے گی، اس لیے وہ یہاں بے فکر سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب نئی چیزیں اور نئی ٹیکنالوجی بہت تیزی سے اپناتا ہے اور یہ ہماری فطرت میں شامل ہے۔مسٹر مان نے کہا کہ پہلے پنجاب میں صرف ایک قومی شاہراہ تھی لیکن اس وقت پنجاب میں چار قومی شاہراہیں ہیں اور زیادہ تر صنعتیں اس کے نزدیک واقع ہیں۔ اس کے علاوہ چار ہوائی اڈے ہیں جن میں سے دو بین الاقوامی ہوائی اڈے ہیں۔ اسی طرح لدھیانہ میں ہلوارہ ہوائی اڈہ شروع کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے سامان کی تیاری میں پنجاب کا حصہ 75 فیصد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سمٹ میں جالندھر سے رگبی گیند کا اسٹال لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں بننے والی رگبی گیند ستمبر 2023 میں ہونے والے رگبی ورلڈ کپ میں استعمال کی جائے گی۔ جالندھر پہلے کھیلوں کا مرکز ہوا کرتا تھا لیکن پچھلی حکومتوں کی پالیسیوں کی وجہ سے یہاں کھیلوں کے سامان کی تیاری میں کمی آئی ہے۔ جالندھر کو دوبارہ کھیلوں کا مرکز بنانے کے لیے پنجاب حکومت جالندھر میں اسپورٹس یونیورسٹی قائم کرے گی۔

Related Articles