کانگریس کہیں ماں بیٹے کی پارٹی بن گئی ہے تو کہیں باپ بیٹے کی: شیوراج

بھوپال، جنوری ۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج کانگریس کے تنظیمی ڈھانچے کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس ماں بیٹے اور باپ بیٹے کی پارٹی بن گئی ہے۔یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران مسٹر چوہان نے مدھیہ پردیش میں کانگریس کے عہدیداروں کی کل اعلا ن کردہ فہرست کے حوالے سے کہا کہ یہ ایگزیکٹو کمیٹی نہیں بلکہ یہ ایک سرکس ہے۔ کانگریس کا کوئی کارکن نہیں بچا، سبھی کو عہدیدار بنا دیا گیا ہے۔ مسٹر چوہان نے کہا کہ پارٹی کی سیاسی امور سے متعلق کمیٹی میں باپ کے ساتھ بیٹا بھی شامل ہے، کانگریس کہیں ماں بیٹے کی اور کبھی باپ بیٹے کی پارٹی بن گئی ہے۔ پارٹی میں صرف خوشامد کا کام ہو رہا ہے۔ریاستی کانگریس کے صدر کمل ناتھ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ روزانہ ایک نیا وعدہ کرتے ہیں، جب کہ کوئی پرانا وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ اب عوام گمراہ ہونے والے نہیں ہیں اور عوام اب کانگریس کو ریاست کو لوٹنے کا موقع نہیں دے گی۔کانگریس نے کل اپنے عہدیداروں کا اعلان کیا ہے جس میں 50 ریاستی نائب صدور، 105 ریاستی جنرل سکریٹری اور 64 ضلع صدور کا تقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی قیادت نے ریاستی کانگریس کمیٹی کے سیاسی امور سے متعلق 21 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔ اس میں ریاستی صدر کمل ناتھ کے ساتھ ان کے ایم پی بیٹے نکل ناتھ کو بھی رکھا گیا ہے۔

Related Articles