لگ بھگ ایک ہزار سال بعد نیا چاند زمین کے سب سے زیادہ قریب

دہلی،جنوری۔لگ بھگ ایک ہزار سال بعد نیا چاند زمین کے سب سے زیادہ قریب پہنچے گا۔ایک رپورٹ کے مطابق 992 سال بعد پہلی بار 21 جنوری 2023 کو نیا چاند زمین کے قریب ترین آئے گا۔21 جنوری کو نیا چاند زمین سے 2 لاکھ 21 ہزار 561 میل دور ہوگا اور ایسا آخری بار 3 دسمبر 1030 کو ہوا تھا۔رپورٹ میں ناسا کی Jet Propulsion Laboratory کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد یہ بات بتائی گئی۔رپورٹ کے مطابق آئندہ نیا چاند 20 جنوری 2368 کو زمین کے اتنے قریب آئے گا۔تو صدیوں بعد چاند اتنا قریب کیوں آرہا ہے؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ چاند زمین کے گرد یکساں دائرے میں نہیں گھوم رہا۔چاند کا مدار بیضوی ہے اور اسی وجہ سے چاند اور زمین کا درمیانی فاصلہ ہر ماہ بتدریج بدلتا رہتا ہے۔چاند کے مدار میں وہ مقام جہاں چاند زمین سے بہت کم دوری پر آجاتا ہے، اسے پیریگی کہتے ہیں جبکہ دور دراز کے مقام کو اپوجی کہا جاتا ہے۔زمین سے چاند کی سب سے زیادہ دوری 4 جنوری 2023 کو ہی دیکھنے میں آئی تھی جب زمین سورج کے قریب تھی۔لگ بھگ ایک ہزار سال بعد نیا چاند زمین کے قریب ترین آرہا ہے مگر وہ ہمیں نظر نہیں آسکے گا، البتہ 22 جنوری کو آپ آسمان پر زہرہ اور زحل کو ضرور ایک دوسرے سے جڑے ہوئے دیکھ (دوربین سے) سکتے ہیں۔اسی طرح نئے چاند کے ساتھ نئے چینی سال کا آغاز بھی ہوگا اور یہ خرگوش کا سال ہے۔

Related Articles