جی-20 کی سربراہی جدید اور نئے ہندوستان کی صلاحیت میں توسیع کا ثبوت

نئی دہلی، جنوری ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے آج دنیا کے 20 طاقتور ممالک کے گروپ جی 20 کی ہندوستان کی صدارت حاصل کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ جدید اور نئے ہندستان کی صلاحیتوں میں توسیع کا ثبوت ہے۔وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بی جے پی کی قومی ایگزیکٹو میٹنگ میں جی 20 کے بارے میں بیان دیا۔ ڈاکٹر جے شنکر کے بیان کے بارے میں نامہ نگاروں کو معلومات دیتے ہوئے بی جے پی کے قومی نائب صدر بیجینت پانڈا اور پارلیمانی بورڈ کے رکن ڈاکٹر سدھا یادو نے کہا کہ پچھلے نو برسوں میں، خاص طور پر کووڈ کی وبا کے دوران ہندوستان کی تصویر بدلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے زمانے میں ہم بیرونی ممالک پر انحصار کرتے تھے لیکن کووڈ کے دور میں ہندوستان نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم نہ صرف انتہائی سنگین صورتحال کا سامنا کر سکتے ہیں بلکہ دنیا کے پریشان حال ممالک کی مدد بھی کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا، ‘گزشتہ آٹھ برسوں میں دنیا میں ہندوستان کی تصویر بدلی ہے۔ پہلے ہم کسی بھی مسئلے کا سامنا کرنے کے لیے دوسرے ممالک پر انحصار کرتے تھے لیکن آج ہم سب سے بڑی وبا کا مقابلہ بھی کر رہے ہیں اور دوسرے ممالک کی مدد بھی کر رہے ہیں۔مسٹر پانڈا نے کہا کہ جی-20 ایک ایسا گروپ ہے جو فیصلے کرتا ہے اور دنیا کے اہم مسائل پر بات چیت کرتا ہے۔ یہ گروپ دنیا کی مجموعی گھریلو پیداوار کا 80 فیصد، عالمی تجارت کا 75 فیصد، اور 60 فیصد آبادی کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس گروپ کی سربراہی ہندستان کو ملی ہے۔ اس کانفرنس میں نہ صرف جی-20 کے رکن ممالک بلکہ 14 بین الاقوامی تنظیموں اور نو دیگر ممالک کے نمائندے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ وسودھائیو کٹمبکم کے منتر سے وہ دنیا کے کسی بھی مسئلے کا مقابلہ کر سکتا ہے۔ تمام ممالک معاشی بحران کا شکار ہیں۔ لیکن دنیا میں ہر جگہ ہندوستان کی تعریف کی جارہی ہے کیونکہ وبائی امراض کے بعد اگر کوئی اپنی معیشت کو بچا سکا ہے تو وہ صرف ہندوستان ہے۔ یہ کام وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیشانہ اور متاثر کن قیادت کے بغیر نہیں ہو سکتا تھا۔

Related Articles