رواں ماہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو کا پہلا اعلانیہ دورہ امارات
مقبوضہ بیت المقدس،جنوری۔قابض اسرائیلی ریاست کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے جلد ہی ابوظبی کا دورہ کرنے اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کرنے کا اعلان کیا ہے۔اسرائیل کے کثیرا لاشاعت عبرانی اخبار’یدیعوت احرونوت‘” نے کہا ہے کہ یہ دورہ دو سال پہلے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے بعد سے پہلا عوامی اور اعلانیہ دورہ ہوگا۔نیتن یاہو 2021 کے آغاز میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے تاہم ان کی حکومت گر گئی اور وہ قبل از وقت انتخابات میں چلے گئے تھے۔نیتن یاہو اس دورے کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور اسے اقتدار میں واپسی اور اس دورے کو مکمل کرنے کے اپنے سابقہ وعدے کا حصہ سمجھتے ہیں۔ فی الحال رواں ماہ کے دوران اس دورے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔