راہل گاندھی نے بیل گاڑی چلائی
کوٹا، دسمبر۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے آج ضلع بوندی میں اپنی بھارت جوڑو یاترا کے دوران دیہی ہندوستان کی روایتی نقل و حمل کا ذریعہ رہی بیل گاڑی چلا کر لطف اٹھایا۔مسٹرراہل گاندھی نے آج ضلع بوندی میں بدلیوپور سے صبح 6 بجے کے قریب اپنی بھارت جوڑو یاترا شروع کی اوروہ دیہی کھیڑا گاؤں پہنچے اور وہاں سے آڑا گیلا گاؤں میں بالاجی کے مقام پرآئے۔ یہیں بوندی کے سابق ضلع صدر رہے کانگریس کے سینئر لیڈر مہاویر مینا بیل گاڑی چلاتے ہوئے مسٹر گاندھی کی یاترا میں شامل ہونے کے لئے جب ان کے پاس پہنچے تومسٹر گاندھی خود کو بیل گاڑی کی سواری کرنے سے نہیں رو سکے اوروہ بیل گاڑی پر چڑھ گئے۔ انہوں نے مہاویر مینا کے ہاتھوں سے بیلوں کی لگام لے کر کچھ دور تک بیل گاڑی کو چلایا اور بعد میں مہاویر مینا بیل گاڑی چلانے لگے اور کچھ دیر تک بیل گاڑی کے ساتھ ہی سفر مکمل کیا۔مسٹر راہل گاندھی بیل گاڑی چلاکر اوراس کی سواری کرکے کافی خوش نظر آئے۔پرانے دور کے دیہی ہندوستان کے اس روایتی ذرائع پر سفر کرنے کے کچھ دیر بعد مسٹرراہل گاندھی نے نقل و حمل کے جدید موڈ میں شامل ہیلی کاپٹر میں اپنا سفر شروع کیا۔ وہ کاپرین کے قریب بنائے گئے عارضی ہیلی پیڈ پر پہنچے، جہاں سے وہ ہیلی کاپٹر میں سوار ہو کر سوائی مادھو پور کے لیے روانہ ہوگئے، جہاں سے وہ کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کوساتھ لے کرشملہ پہنچے اور وہاں کانگریس کی نئی تشکیل پانے والی حکومت کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سکھوکی حلف برداری تقریب میں شرکت کی۔