نیتن یاہو اسرائیل- متحدہ عرب امارات کے امن معاہدہ میں حصہ لیں گے
تل ابیب، اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو آئندہ ہفتہ واشنگٹن میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات (یواے ای ) کے مابین امن معاہدے کی دستخطی تقریب میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں۔
نیتن یاہو نے کہا’’میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین امن معاہدہ کے لئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر وائٹ ہاؤس میں ہونے والی تاریخی تقریب میں شرکت کرنے کے حوالہ سے پرجوش ہوں۔‘‘
اس معاہدے پراسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے وفود 15 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں دستخط کریں گے۔ متحدہ عرب امارات کے وفد کی قیادت وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان کریں گے۔
اسرائیل اور متحدہ عرب امارات نے 13 اگست کو اپنے سفارتی تعلقات کا اعلان کیاتھا ۔ متحدہ عرب امارات، مصر اور اردن کے بعد اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والا تیسراعرب ملک ہے۔ دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات استوار ہونے کے بعد’ایل ال‘ دونوں ممالک کے مابین اپنی پہلی تجارتی پرواز شروع کردی ہے۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے مابین کئی شعبوں میں تعاون پر بات چیت کا آغاز ہوچکا ہے۔