یواے ای اور مصرکے درمیان 10 گیگاواٹ کے ساحلی ہوا توانائی منصوبہ کوترقی دینے کا معاہدہ

شرم الشیخ،نومبر۔متحدہ عرب امارات اور مصر کے درمیان منگل کے روز شرم الشیخ میں 2022 میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 27) کے موقع پر10 گیگاواٹ (جی ڈبلیو) ساحلی ہوا کے منصوبے کو ترقی دینے کا معاہدہ طے پایا ہے۔یہ آن شور ونڈتوانائی منصوبہ مصر میں لگایا جائے گا۔اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی موجودگی میں یواے ای کی قابل تجدید توانائی کمپنی مصدر اور مصر کی انفینٹی اینڈ حسن علام یوٹیلیٹیز کے حکام نے ونڈپاور کے معاہدے پر دست خط کیے ہیں۔ یہ دنیا کے سب سے بڑے ونڈ فارمز میں سے ایک ہے۔اس ضمن میں مفاہمت کی یادداشت پر متحدہ عرب امارات کے وزیر صنعت اور جدید ٹیکنالوجی ،خصوصی ایلچی برائے موسمیاتی تبدیلی اورمصدرکے چیئرمین ڈاکٹر سلطان احمد الجابر اور مصر کے وزیر برائے بجلی اور قابل تجدید توانائی ڈاکٹر محمد شاکر المرکابی نے دست خط کیے ہیں۔10 گیگاواٹ کا یہ ونڈ فارم تکمیل کے بعد سالانہ 790، 47 گیگاواٹ گھنٹے (جی ڈبلیو ایچ) صاف توانائی پیدا کرے گا اوردوکروڑ 38لاکھ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو روکیگا۔اس سے مصر کو قدرتی گیس کے اخراجات کی مد میں ایک اندازے کے مطابق 5 ارب امریکی ڈالر کی سالانہ بچت ہوگی اورایک لاکھ نئی ملازمتیں پیدا کرنے میں مدد ملے گی‘‘۔

Related Articles