نیتن یاہو ایران کی جوہری تنصیبات کو تباہ کر دیں گے: سابق اسرائیلی وزیر
تل ابیب،نومبر۔اسرائیل کے سابق وزیر آباد کاری، زاچی ہنیگبی نے کہا ہے کہ اسرائیل نیتن یاھو کی جانب سے تشکیل دی جانے والی اگلی حکومت کے دور میں ایران کی جوہری تنصیبات کو تباہ کردے گا۔عبرانی چینل 12 کے ساتھ ایک انٹرویو میں ہنیگبی نے کہا ہے کہ ہم ایران اور بڑی طاقتوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کو جو درحقیقت عملی طور رک گئے ہیں کو بھول چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حالیہ مذاکرات کسی معاہدے کے ساتھ ختم نہ ہوئے اور امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع نہ ہوئے تونیتن یاہو ایران کی جوہری تنصیبات کو تباہ کرنے کے لیے کام کریں گے۔ انھوں نے نشاندہی کی کہ اگر نیتن یاہو نے ایسا نہیں کیا تو اسرائیل کے وجود کو خطرہ لاحق ہو جائے گا۔ یاد رہے حزب اختلاف کے رہنما اور سابق اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے بلاک نے کنیسٹ انتخابات میں 64 نشستیں حاصل کی ہیں۔سنٹرل الیکشن کمیٹی نے اعلان کیا کہ لیکود پارٹی کے رہنما نیتن یاہو اور ان کے اتحادیوں نے کنیسٹ سیٹوں کی اکثریت حاصل کرلی ہے۔نتائج سے ظاہر ہوتا ہے لیکود نے 32 نشستیں حاصل کیں، دو انتہائی آرتھوڈوکس مذہبی جماعتوں مغربی اشکنازی یہودیوں کے لیے متحدہ تورات یہودیت اور مشرقی یہودیوں (سیپرادیم) کے لیے شاس کو 18 نشستیں ملیں۔ انتہائی دائیں بازو کے مذہبی صیہونیت اتحاد کو 14 نشستیں حاصل ہوئیں۔۔ اس طرح نیتن یاہو کی سربراہی میں دائیں بازو کے بلاک نے 64 نشستیں حاصل کرلی ہیں۔ سبکدوش ہونے والے یائر لاپیڈ بلاک 51 نشستیں حاصل کر سکا ہے۔