دہلی ہوائی اڈے پر بین الاقوامی مسافروں کے لئے قائم کی جائے گی کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری
نئی دہلی : بیرون ملک سے آنے والے ایسے مسافروں جنھیں دوسری گھریلو پرواز پکڑنی ہے ، وہ اب دہلی ہوائی اڈے پر اپنی کورونا وائرس کے انفیکشن کی جانچ کراسکیں گے۔
ہوائی اڈے کو چلانے والی کمپنی دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (ڈی آئی اے ایل) نے آج کہا ہے کہ کووڈ 19 ٹیسٹ لیبارٹری کی تعمیر کے لئے اس نے جین سٹرنگز ڈائیگنسٹک سینٹر سے معاہدہ کیا ہے۔ ہوائی اڈے پر انٹرنیشنل ٹرمینل کی ملٹی لیول کار پارکنگ میں 3 ہزار 500 مربع میٹر لیبارٹری تعمیر کی جائے گی ۔ چار سے چھ گھنٹوں میں ٹیسٹ رپورٹ آ جا ئے گی ۔
وزارت برائے شہری ہوا بازی نے بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کے لئے تجربہ کی بنیاد پر کورونا جانچ کا انتظام کرنے کے لئے کہا تھا جنہیں دوسری کنیکٹنگ گھریلو پرواز پکڑنی ہے ۔ بیرون ملک سے آنے کے بعد پہلے ہوائی اڈے پر ہی مسافروں کی کورونا جانچ کی جائے گی۔ اصل میں یہ انتظامات ان مسافروں کے لئے کیا گیا ہے جو بیرون ملک سے پرواز پکڑنے سے قبل زیادہ سے زیادہ 96 گھنٹوں تک کورونا وائرس کی جانچ نہیں کرا پائے ہیں ۔
ہوائی اڈے پر جن مسافروں کی رپورٹ نیگٹو آئے گی وہ کنیکٹنگ پرواز پکڑ سکیں گے۔ رپورٹ پازیٹو آنے پران کو مقامی ریاست کے طبی رہنما خطوط پر عمل کرنا پڑے گا۔