مودی نے ملائم سنگھ یادو کے انتقال پر خراج عقیدت پیش کیا

بھروچ، اکتوبر ۔وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو یہاں ایک ریلی میں سماج وادی پارٹی کے بانی اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی ملائم سنگھ یادو کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔گجرات کے بھروچ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے مسٹر یادو کو یاد کیا اور کہا کہ ان کے انتقال سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا، ‘میرا ملائم سنگھ جی کے ساتھ بہت خاص رشتہ رہا ہے۔ جب ہم دونوں وزیر اعلیٰ کے طور پر ملتے تھے تو دونوں کو اپنائیت کا خاص احساس ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا، "2014 میں، جب بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) نے مجھے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے آشیرواد دیا، تو میں نے اپوزیشن رہنماؤں میں سے کچھ عظیم شخصیات کا شکریہ ادا کیا، جنہیں میں پہلے ہی جانتا تھا، جو اس وقت کے سینئر سیاستدان بھی تھے۔ ملائم سنگھ جی کا آشیرواد اور دو نصیحتیں مجھے یاد ہے جو میرے لئےامانت کی طرح ہے۔وزیر اعظم نے کہا، "2019 پارلیمنٹ کا آخری اجلاس تھا اور ملائم سنگھ جیسے سینئر لیڈر نے پارلیمنٹ کے اندر کھڑے ہو کر جو بات کی وہ کسی بھی کارکن کی زندگی میں بہت بڑے آشیرواد کی طرح ہے۔ انہوں نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے کہا تھا کہ مودی جی سب کو ساتھ لے کر چلتے ہیں اور اسی لیے مجھے یقین ہے کہ وہ 2019 میں دوبارہ منتخب ہوکر ملک کے وزیر اعظم بنیں گے۔ آج میں گجرات کی سرزمین سے محترم ملائم سنگھ جی کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ میں ایشور سے دعا کرتا ہوں کہ وہ ان کے اہل خانہ اور ان کے حامیوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دے۔

Related Articles